پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں دو ارب 81 کروڑ ڈالر کمی
مالی سال 2023 ٹیکسٹائل کے شعبے کیلئے بدترین سال ثابت ہوا ہے، اپٹما نے اعداد و شمار جاری کردیے
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما) نے کہا ہے کہ مالی سال 2023 ٹیکسٹائل کے شعبے کیلئے بدترین رہا۔
اپٹما نے اپنے اعداد و شمار میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی نسبت اس سال ٹیکسٹائل برآمدات دو ارب اکیاسی کروڑ ڈالر کی کمی دیکھی گئی، گزشتہ دس سال میں یہ سال نمو کے اعتبار سے انتہائی مایوس کن رہا۔
اپٹما کا کہنا ہے کہ برآمدات میں یہ کمی آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی پروگرام کی رقم کے مساوی ہے، جون 2022 کے مقابلے جون 2023 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں تیرہ فیصد کمی ہوئی، جون دو ہزار بائیس کے ایک ارب اکہتر کروڑ ڈالر کے مقابلے جون دو ہزار تئیس میں ٹیکسٹائل کی برآمدات ایک ارب اڑتالیس کروڑ ڈالر رہیں۔
اپٹما کے مطابق مالی سال 2023 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں پندرہ فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے، مالی سال دو ہزار تئیس کے بارہ ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات سولہ ارب اکیاون کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں، مالی سال دو ہزار بائیس میں ٹیکسٹائل برآمدات انیس ارب بتیس کروڑ ڈالر کی تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر دو ہزار بائیس سے مسلسل نو ماہ ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، مالی سال دو ہزار بائیس میں پہلی بار ٹیکسٹائل برآمدات انیس ارب تیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔