کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی و معتدل بارش
مون سون ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرقی سندھ پر اثرانداز ہو رہا ہے
مون سون ہواؤں کا سلسلہ جنوب مشرقی سندھ پر اثرانداز ہو رہا ہے جس کے سبب کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش ہوئی۔
مون سون کے پہلے باقاعدہ اسپیل کے تحت کم بارشوں کے سبب گرمی کی شدت برقرار ہے،اتوار کو سمندری ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چلنے کی وجہ سے گرم دن ریکارڈ ہوا،جس کے دوران نمی کا تناسب دوسرے روز بھی انتہائی اضافے سے 70 فیصد رہا۔
شام کےاوقات میں شہر کے کچھ علاقوں سپرہائی وے، سرجانی، گلشن معمار، نارتھ کراچی، نیوکراچی،بفرزون، شادمان اور بلدیہ ٹاؤن میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش بھی ہوئی۔
نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے دن بھر شدید حبس رہی اور جزوی ہیٹ ویو جیسی صورتحال کے دوران گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ پیر اور منگل کو شہر میں مطلع جذوی ابرآلود رہنے اور رات و صبح کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔
اس دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے،اتوار کو دیہی سندھ کے اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے،سب سے زیادہ پارہ دادو میں 42 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں دن بھر کی شدید گرمی کے بعد رات میں اچانک تیز بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا تھا۔