گلگت ایئرپورٹ پرہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے فل اسکیل مشق کا انعقاد
فرضی مشق کا آغاز ٹاور کی جانب سے فائر اسٹیشن کو رن وے پر جہاز میں آگ لگنے کی ہنگامی اطلاع سے ہوا
گلگت ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فل اسکیل مشق کا انعقاد کیا گیا، مشق میں تمام متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق فل اسکیل ہنگامی مشق میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سی اے اے، اے ایس ایف، پی آئی اے نے مشق میں بھرپور شرکت کی،ریڈ کریسنٹ، ریسکیو 1122، سٹی فائر بریج، لوکل پولیس اور 'کی پوائنٹ پولیس' بھی شریک ہوئی۔
فرضی مشق کا آغاز ٹاور کی جانب سے فائر اسٹیشن کو رن وے پر جہاز میں آگ لگنے کی ہنگامی اطلاع سے ہوا،سی اے اے کے فائر ٹینڈرز اور میڈیکل ایمبولینس نے بروقت جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو ریسکیو کیا۔
اے ایس ایف نے ایئر سائیڈ کے علاقے کو جبکہ پولیس نے حفاظتی باڑ کو باہر سے گھیرے میں لیا، جلد ہی ایئرپورٹ کے باہر سے ریڈ کریسنٹ ریسکیو ایمبولینسز اور سٹی فائر سروسز کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پہنچی گئیں۔
سی اے اے، پی آئی اے اور ریڈ کریسنٹ نے کونکورس ہال میں پبلک انفارمیشن کاؤنٹر قائم کیا،تمام اسٹیک ہولڈرز نے 'کرائسز اینڈ ایمرجینسی رسپانس پلان' یعنی (سی ای آر پی) کے مطابق اپنا کردار ادا کیا۔
ایئرپورٹ مینیجر کے مطابق یہ مشقیں ہمیں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھتی ہیں،مشق کے اختتام پر ایئرپورٹ مینیجر نے مشق میں فعال شرکت پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔