ایف آئی اے میں بھرتی کے تقررنامے جاری کرنے والا جعلساز گرفتار

رابن عرف رابی شاہ خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرکے متعدد نوجوانوں سے لاکھوں روپے بٹور چکا، مقدمہ درج کرلیا گیا


Staff Reporter May 03, 2014
جعلی اپائنٹمنٹ لیٹرز، شناختی کارڈز اور رقم اپنی بیویوں کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے جانے کے دستاویزی ثبوت حاصل کرلیے گئے فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے جعلی دستخط کرکے اپائنٹمنٹ لیٹر جاری کرنے والے جعل ساز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ملزم کے قبضے سے جعلی اپائنٹمنٹ لیٹرز، شناختی کارڈز اور جعل سازی سے ہتھیائی گئی رقم کو اپنی بیویوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائے جانے کے دستاویزی سے ثبوت حاصل کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل کو ایک نوجوان شہری کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ رابن عرف رابی شاہ نامی شخص خود کو انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کا افسر بتاتا ہے اور ایف آئی اے میں اے ایس آئی بھرتی کرانے کے عوض اس سے 12 لاکھ روپے وصول کرچکا ہے جبکہ اسے مزید 3 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں، نوجوان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ رابن عرف رابی شاہ نے اسے ایف آئی اے میں اے ایس آئی کا تقرر نامہ بھی دیا ہے جس پر ڈی جی ایف آئی اے غالب بندے شاہ کے دستخط ہیں، ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کی جانب سے جب اس سلسلے میں تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ ملزم پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور ہے اور ایف آئی اے میں بھرتی کرانے کے عوض متعدد نوجوانوں سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔

ایف آئی اے حکام نے رفاع عام سوسائٹی میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے قبضے سے 2 جعلی شناختی کارڈاور ڈی جی ایف آئی اے کے دستخط شدہ جعلی تقرر نامے برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کی جامہ تلاشی کے دوران جعل سازی سے وصول کیے گئے لاکھوں روپے اورملزم کی بیویوں کے اکاؤنٹس میں جمع کرائے جانے کی بینک سلپس بھی برآمد ہوئیں، ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔