کراچی میں ڈاکوؤں نے ریوو میں سوار خواتین کو لوٹ لیا

طلائی زیورات کا مجموعی طور پر وزن تقریباً ساڑھے 6 تولہ تھا


Staff Reporter July 10, 2023
طلائی زیورات کا مجموعی طور پر وزن تقریباً ساڑھے 6 تولہ تھا

فیڈرل بی ایریا واٹر پمپ چورنگ کے قریب مشہور بیکرز کے باہر سیاہ رنگ کی ریو گاڑی میں سوار خواتین سے مسلح ملزمان 16 لاکھ روپے مالیت سے زائد کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

فیڈرل بی ایریا بلاک 15 مکان نمبر R / 1071 کے رہائشی محمد عادل ولد محمد ہارون نے جوہرآباد تھانے میں 392/397/34 کے تحت مقدمہ الزام نمبر 230/2023 درج کرایا۔

انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ 9 جولائی 2023 کو اپنی فیملی جس میں والدہ ، اہلیہ ، بہن اور 3 بچوں کے ہمراہ اپنی ریوو گاڑی میں کسی تقریب میں جا رہے تھے کہ فیڈرل بی ایریا بلاک 14 واٹرپمپ چورنگی پر نئے بیکرز کے سامنے گاڑی کھڑی کی۔

محمد عادل نے بتایا کہ وہ کیک لینے بیکری میں چلا گیا اور چند منٹوں بعد جب واپس آیا تو دیکھا کہ شلوار قمیض میں ملبوس کلین شیو شخص جو شکل سے غیر مقامی لگتا تھا گاڑی کا دروازہ کھول کر اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کر رہا تھا۔

مدعی نے حفاظتی اقدامات کے تحت کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی اور ملزم کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا جس میں اس نے دیکھا کہ ملزم اپنی ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر جبکہ ان کے بیک اپ کے لیے ایک موٹرسائیکل پر سوار مزید دو افراد ہاتھ میں اسلحہ لے کر کھڑے ہوئے تھے۔

ملزمان کے جانے کے بعد وہ اپنی فیملی کے پاس گیا تو سب انتہائی خوفزدہ تھا اور انہوں نے بتایا کہ ملزمان ان سے 2 طلائی چین ، 5 طلائی انگوٹھیاں ، ایک ڈائمنڈ کی انگوٹھی ، ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور ایک ویوو پلس وی فائیو موبائل فون لے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ چھینے گئے طلائی زیورات کا مجموعی طور پر وزن تقریباً ساڑھے 6 تولہ تھا جبکہ ملزمان ایک پرس بھی لے گئے جس میں طلائی انگوٹھیاں اور کچھ رقم تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گھر والوں سے تفصیلات معلوم کرنے کے بعد فوری طور پر واپس بیکرز میں آئے اور وہاں سے مزید معلومات حاصل کر کے مددگار 15 کی کال کر کے اطلاع دی ، پولیس موقع پر پہنچی اور بیکرز میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج حاصل کر لیں۔

انہوں نے بتایا کہ حاصل کی جانے والی فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار ملزم کو دروازہ کھول کر واردات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا تاہم انہیں شبہ ہے کہ پولیس نے اصل تصویر غائب کر دی جس میں ملزم کا چہرہ واضح ہے۔

مدعی مقدمہ محمد عادل نے بتایا کہ ایس ایچ او جوہر آباد نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ کیمروں سے ملزمان کی مزید فوٹیج حاصل کر کے چہرہ واضح ہونے کی صورت میں انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں