پشاورمیں سکھ برادری اقلیتی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں ’داعش‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف
سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں داعش کا دہشت گرد ہلاک اورایک گرفتار ہوا ہے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی
پشاورمیں سکھ برادری اور اقلیتی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کے 4 بڑے واقعات میں موٹر سائیکل استعمال ہوا، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروہ سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس اور سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے دوران پریس کانفرنس بتایا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں داعش کا دہشت گرد ہلاک اورایک گرفتار ہوا ہے۔
شوکت عباس نے بتایا کہ ملزمان رواں سال مارچ سے جون تک 4 علما، سکھ برادری کے 3 جبکہ ایک اہل تشیع کے ٹارگٹ کلنگ میں شامل تھے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تمام واقعات میں ایک جیسی مماثلت پائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تمام واقعات میں ایک ہی آلہ قتل 30 بور پستول استعمال کیا گیا، ملزم خالد سے افغان سیٹیزن کارڈ، دو عدد موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ سی ٹی ڈی نے ملزم کے موبائل سے باقی گروپ کو ٹریس کرکے مرکزی ملزم آمین اللہ کو گرفتار کیا کرلیا۔