قائم علی شاہ کا محکمہ پولیس کے ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈ جاری کرنے کا حکم

قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاردہشتگردوں کے سامنے صف آرا ہیں، وزیراعلی سندھ


Staff Reporter May 03, 2014
حکومت سندھ محکمہ داخلہ کیلیے آوٹ سائیڈ بجٹ خرچ کرنے کیلیے بھی تیار ہے، وزیر اعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ داخلہ کے تحت جیل خانہ جات، پولیس اسٹیشنز، پولیس چیک پوسٹوں اور پولیس اہلکاروں کے لیے رہائشی منصوبوں کے ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلیے محکمہ خزانہ کو مطلوبہ فنڈ جاری کرنے کے احکام دیے ہیں۔

یہ احکام انھوں نے جمعے کو وزیراعلیٰ ہائوس میںمحکمہ داخلہ کے ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ داخلہ اور محکمہ خزانہ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کے دوران دیے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امن و امان کا قیام حکومت سندھ کی اولین ذمے داری ہے جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاردہشت گردوں کے سامنے صف آرا ہیں، انھیں جدید ہتھیار، بکتر بند گاڑیاں، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹ اور ا ن کی تعیناتی کی جگہ کے نزدیک رہائش فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔

انھوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام ، پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کر نے کے لیے حکومت سندھ نے رواں مالی سال کی بجٹ میں 42ارب روپے کی خطیر رقم مختص کررکھی ہے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ قانون نافذکرنے والے اداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کے لیے آئوٹ سائیڈ بجٹ خرچ کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ انھوں نے ڈی آئی جی پولیس (فنانس) کوہدایت کی کہ محکمہ خزانہ سے رابطے میں رہ کر ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کے اجرا اور محکمہ داخلہ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔