پشین میں وفاقی وزیر کے بھتیجے کی گاڑی پر فائرنگ ڈرائیور اور محافظ جاں بحق

فائرنگ کے وقت وفاقی وزیر یا اُن کے اہل خانہ گاڑی میں موجود نہیں تھے، پولیس

(فوٹو فائل)

بلوچستان کے علاقے پشین میں وفاقی وزیر کے بھتیجے کی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے۔

ایکسیریس نیوز کے مطابق پشین اسٹاپ پر وفاقی وزیر اسرارترین کے بھتیجے کی گاڑی پر موٹرسائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، خوش قسمتی سے فائرنگ کے وقت وفاقی وزیر یا اُن کے بھتیجے سردار شہزاد ترین گاڑی میں موجود نہ تھے۔

پولیس نے مطابق ہیلمٹ پہنے موٹرسائیکل سوار کی فائرنگ سے ڈرائیور اور محافظ جاں بحق ہوئے جن کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا۔


ایس ایس پی آرپریشن ذوہیب حسن نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے اور اُن کا ہدف وفاقی وزیر اسرار ترین کا بھتیجا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پشین اسٹاپ پر فائرنگ کے بعد حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے شہر کی ناکہ بندی کر دی جبکہ ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز قمبرانی روڈ پر راہزنوں کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے بد امنی کے واقعات کی روک تھام کریں گے۔
Load Next Story