تھائی لینڈ جرمن تاجر کی لاش کے ٹکڑے فریزر سے برآمد

جرمنی کے بزنس مین نے تھائی لینڈ میں شادی کی ہوئی تھی اور کئی برسوں وہیں مقیم تھے


ویب ڈیسک July 11, 2023
جرمن بزنس مین کی لاش کے ٹکڑے گھر کے کچرا دان اور لان سے بھی ملے؛ فوٹو: اے ایف پی

تھائی لینڈ میں لاپتا ہونے والے جرمنی کے بزنس مین ہنس پیٹر میک کی لاش کی باقیات ایک گھر کے ڈیپ فریزر سے مل گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 62 سالہ جرمن شخص نے تھائی لینڈ میں شادی کی ہوئی تھی اور وہ کافی عرصے سے یہاں رئیل اسٹیٹ بروکر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

جرمن بزنس مین کی تھائی اہلیہ نے تھانے میں شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی کہ ان کے شوہر بزنس میٹنگ کا کہہ کر گئے تھے لیکن دو روز گزرنے کے باوجود واپس نہیں آئے اور ان کا فون بھی بند ہے۔

تھائی پولیس موبائل لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اس گھر تک پہنچ گئی جہاں جرمن تاجر نے قیام کیا تھا۔ یہ گھر ان کے ایک جرمن دوست نے کرایہ پر لیا ہوا تھا۔

گھر کی تلاشی کے دوران پولیس کو جرمن تاجر کی لاش کی باقیات ڈیپ فریزر سے مل گئی جب کہ کچھ ٹکڑے کچرے دان اور باہر لان میں تھیلیوں میں بند ملے۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ اثاثوں کا معاملہ لگتا ہے۔ مقتول تاجر کا دوست بھی فرار ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں