کراچی ایف آئی اے نے ایک اورانسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا
ملزم الطاف حسین نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کے لیے 16 لاکھ روپے وصول کیے، تفتیش شروع کردی گئی ہے، ترجمان
ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے لاکھوں روپے لیکر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹرایف آئی اے کراچی زون کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے،اسی تسلسل میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر سب انسپکٹرمہران خان کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلرالطاف حسین کو گرفتار کرلیا۔
گرفتارملزم انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث ہے، ملزم الطاف حسین کو کراچی کے علاقےکلفٹن سے گرفتارکیاگیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتارملزم نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کے لیے اس سے 50 لاکھ روپے کا تقاضہ کیا، اور متاثرہ شہری سے 16 لاکھ روپے وصول بھی کیے، ملزم بیرون ملک امیگریشن کی آڑ میں جعلی دستاویزات بنانے میں بھی ملوث ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف تفتیش کاآغاز کردیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔