گلستان جوہر میں سرراہ لڑکی سے زیادتی کی کوشش 6 مشتبہ افراد گرفتار

لیاقت آباد سے گرفتار ہونے والے شخص پر شک ہے، وقوعہ کے وقت اُسکی لوکیشن بھی گلستان جوہر کی ہے، ایس ایس پی ایسٹ

فوٹو اسکرین گریپ

شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے جنسی ہراسگی کیس میں پولیس نے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق پولیس جن 6 افراد سے تفتیش کررہی ہے ان میں لیاقت آباد سے حراست میں لیے جانے والے شخص پر زیادہ شک ہے کیونکہ اُس کی لوکیشن بھی واقعے کے وقت گلستان جوہر کی ہے جبکہ ملزم خراب ریکارڈ کا حامل ہے مگر ابھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا وہی شخص ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیر حراست تمام افراد سے تفتیش کی جارہی ہے ابھی کسی بھی ملزم سے موٹر سائیکل برآمد نہیں ہوئی ہے۔


مزید پڑھیں: کراچی میں اوباش نوجوان کی سر راہ چلتی لڑکی سے زیادتی کی کوشش

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد بے گناہ افراد کو جلد رہا کردیا جائے گا۔ خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا واقعہ 3 جولائی کو پیش آیا تھا جبکہ 5 جولائی کو اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ تین جولائی کو گلستان جوہر کے بلاک چار حسین ہزارہ گوٹھ میں اوباش نوجوان نے نیکر اتار کر دن دہاڑے لڑکی پر حملہ کر کے زیادتی کی کوشش کی تھی جسے لڑکی نے مزاحمت کر کے ناکام بنا دیا تھا۔

ملزم کی اس تمام عمل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے کر آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو ملزم کی فوری گرفتاری کی ہدایت بھی کی تھی۔
Load Next Story