پاکستان کی اقتصادی کامیابی کیلیے غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی امریکا

پاکستان یا کسی اور ملک سے امریکا یا چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کو نہیں کہا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ


ویب ڈیسک July 12, 2023
پاکستان اور آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے میں پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ:فوٹو:فائل

امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے میڈیا بریفنگ میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط مسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے میں پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کومضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تیکنیکی رابطے جاری رکھیں گے جو دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ بہت محنت کرنا ہوگی تاکہ طویل المدت اقتصادی بحالی اور خوشحالی کی پائیدار راہ پر گامزن رہ سکے۔اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان یا کسی اور ملک کو کبھی بھی امریکا یا چین میں سے کسی ایک کے انتخاب یا امریکا اور کسی اور ملک کے درمیان انتخاب کے لیے نہیں کہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔