کرم میں قبائلی جھڑپوں میں مزید 2 افراد جاں بحق 25 زخمی

پانچ روزہ جھڑپوں میں مجموعی طور پر ہلاکتیں 11 ہوگئیں

پانچ روزہ جھڑپوں میں مجموعی طور پر ہلاکتیں 11 ہوگئیں

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں قبائل کے مابین پانچ روز سے جھڑپیں جاری ہیں۔

تازہ جھڑپوں میں مزید دو افراد جاں بحق ، 25 زخمی ہوگئے ، پانچ روزہ جھڑپوں میں مجموعی طور پر گیارہ افراد جاں بحق 77 زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق پانچ روز قبل بوشہرہ میں جائیداد کے تنازعے پر شروع ہونے والی جھڑپیں تاحال جاری ہیں ۔ پیواڑ گیدو ،بالش خیل خار کلے ،صدہ اور پاڑہ چمکنی کڑمان کے علاوہ مقبل اور کنج علیزئی کے درمیان جھڑپیں ہورہی ہیں جس میں بھاری اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔


تازہ جھڑپوں میں مختلف مقامات پر مزید دو افراد جاں بحق پچیس زخمی ہوگئے ہیں ۔ زیادہ تر زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ لایا گیا ہے جن میں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔

وفاقی وزیر ساجد طوری ،ڈپٹی کمشنر سید سیف الاسلام شاہ اور ڈی پی او محمد عمران کا کہنا ہے کہ ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں رکوانے کے لیے قبائلی عمائدین کے ساتھ ملکر کوششیں جاری ہیں اور مختلف علاقوں میں فائر بندی بھی کرائی گئی لیکن بار بار فائر بندی کے معاہدوں کی خلاف ورزی ہورہی ہے جس کے باعث تاحال جھڑپیں جاری ہیں

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد طوری نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے وہ ضلع کرم میں جھڑپیں رکوانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔

ضلع کرم میں جھڑپوں کے باعث مین شاہراہ سمیت سڑکوں پر آمد و رفت تقریبا بند ہوگئے ہیں اور ضلع میں خوراکی اشیا ایندھن اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
Load Next Story