قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کی قرارداد منظور

چین اور بھارت نے حمایت جب کہ امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین نے مخالفت کی


ویب ڈیسک July 12, 2023
چین اور بھارت نے حمایت جب کہ امریکا اور برطانیہ نے مخالفت کی؛ فوٹو: فائل

سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کے خلاف اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا اور یورپی یونین کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) میں مذہبی منافرت اور تعصب کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تھی جس پر آج سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ یہ قرارداد سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کے تناظر میں پیش کی گئی تھی۔

امریکا اور یورپی یونین نے قرارداد کو انسانی حقوق اور آزادیٔ اظہار رائے سے متعلق ان کے موقف سے متصادم قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی اور فن لینڈ سمیت دیگر 6 ممالک نے بھی امریکا اور یورپی یونین کی مؤقف کی تائید میں قراردار کی مخالفت کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : قرآن پاک کی بیحرمتی گھناؤنا عمل ہے جس کا کوئی جواز قبول نہیں، سعودی عرب

تاہم پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششوں کے باعث اسلامی ممالک کے علاوہ بھارت، چین، ارجنٹائن، بولیویا، کیمرون، کیوبا، گیمبیا، آئیوری کوسٹ؛ جنوبی افریقا، یوکرین اور ویتنام نے حمایت کی۔ جس کی بنیاد پر قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔

UN resolution against quran burning

علاوہ ازیں چلی جارجیا، ہونڈوراس، میکسیکو، نیپال اور پیراگوئے نے رائے دہی میں حصہ لینے سے پرہیز کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کہا کہ قرآن پاک کو جلانے کا عمل مذہبی منافرت، امتیازی سلوک اور تشدد کو بھڑکانے کی کوشش ہے جو سویڈن کی حکومت کی منظوری اور معافی کے احساس کے ساتھ کی گئی۔

یہ خبر پڑھیں : طالبان کا قرآن کی بیحرمتی پر معافی کا مطالبہ، سویڈن کی سرگرمیاں معطل

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں کو اس گھناؤنی کوشش کے خلاف مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ سعودی عرب، ایران اور انڈونیشیا کے وزراء نے بھی پاکستانی وزیر خارجہ کی تائید کی۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب یا اقلیتوں کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں جارحانہ، غیر ذمہ دارانہ اور غلط ہیں۔

مزید پڑھیں: کویت کا سویڈش زبان میں قرآن پاک کے ایک لاکھ نسخے شائع کرنے کا اعلان

سویڈن کی حکومت نے قرآن ہاک کے جلانے کو "اسلامو فوبک" قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ملک میں ہر کسی کو اجلاس، اظہار رائے اور مظاہرے کی آزادی کا آئینی طور پر حق حاصل ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سویڈن میں عید گاہ کے باہر قرآن پاک کا نسخہ نذرآتش

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مذہنی منافرت اور تعصب پر مبنی ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانونی رکاوٹیں پیدا کی جائیں اور سخت اقدامات اُٹھائے جائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں