دھرمیندر سے الگ رہنے پر کیا ہیما مالنی افسردہ ہیں ’ ڈریم گرل‘ نے بتادیا
بھارتی ٹیلی ویژن چینل کوحالیہ انٹریو میں ’ ڈریم گرل‘ نے فلمی دنیا میں اپنے سفر، فیملی اور دیگر موضوعات پراظہارخیال کیا
بھارتی فلمی صنعت کی ' ڈریم گرل ' اور ماضی کی مقبول اداکارہ ہیما مالنی نے اپنے شوہر اور ہندی فلموں کے سابق سپراسٹار دھرمیندر سے علیٰحدہ رہنے پر کہا ہے کہ انہیں یہ برا نہیں لگتا اور وہ خوش ہیں۔
کلاسک فلم'' شعلے'' میں بسنتی کے کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چُھولینے والی اداکارہ نے ایک بھارتی ٹیلی ویژن چینل کو دیے گئے حالیہ انٹریو میں فلمی دنیا میں اپنے سفر، اپنی فیملی اور دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
ہیما مالنی نے اپنے شوہردھرمیندر سے علیٰحدہ رہنے کے بارے میں لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ افسردہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذات سے بہت خوش ہوں، میری دو بیٹیاں ہیں اور میں نے ان کی بہت اچھی پرورش کی ہے۔
اس سوال پر کہ لوگ انہیں آزادی نسواں یعنی فیمنزم کی علامت سمجھتے ہیں پر، سابق نام وَر اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کیا اور پھر کہا کہ کوئی بھی ایسا نہیں بننا چاہتا بس یہ ہوجاتا ہے، اور آپ کو اسے قبول کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر عورت چاہتی ہے کہ اس کا شوہر اور بچے ہوں اور وہ ایک عام گھرانے کی طرح رہیں، مگر ایسا ہو نہ سکا۔
ماضی کی نام ور اداکارہ نے اپنے شوہر دھرمیندر کے بارے میں مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور وہ قدم قدم پر میرے ساتھ ہیں۔
ہیما مالنی کا کہنا تھا کہ دھرمیندر بچوں کی شادی کے بارے میں فکرمند رہتے تھے، اور کہتے تھے کہ بچوں کی شادی جلدی ہونی چاہیے، میں کہتی تھی کہ جب وقت آئے گا اور اچھا رشتہ مل جائے گا تو ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ ماضی کے ان دونوں سپراسٹارز ( دھرمیندر اور ہیما مالنی) کی شادی 1980 میں ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ایشا اور آہانا دیول ہیں۔
ہیما مالنی دھرمیندر کی دوسری بیوی ہیں۔ ان سے قبل دھرمیندر نے 1954 میں پرکاش کور سے شادی کی تھی جبکہ ابھی انہوں نے فلمی دنیا میں قدم بھی نہیں رکھا تھا۔ پرکاش کور سے دھرمیندر کے چار بچے سنی دیول، بوبی دیول، وجیتا اور اجیتا ہیں۔
کئی برسوں سے ہیما مالنی اپنے شوہر سے دور اور اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ رہ رہی ہیں۔ عوامی تقریبات میں بھی ماضی کی یہ مقبول جوڑی کبھی ساتھ نظر نہیں آئی۔
ایک مہینہ پہلے دھرمیندر کے پوتے اور سنی دیول کے بیٹےکرن کی شادی میں بھی ہیمامالنی اور ان کی دو بیٹیاں شریک نہیں ہوئی تھیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ خاندان اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔