خراب معاشی حالات کے باوجود جنید جمشید نے قرضہ لوٹایا وجاہت رؤف

عاشر وجاہت کو بھی اپنی پروڈکشن میں کام کا معاوضہ دیتے ہیں، ہدایت کار وجاہت رؤف اور انکی اہلیہ شازیہ کی گفتگو


ویب ڈیسک July 12, 2023
فوٹو: فائل

معروف اداکار و ہدایت کار وجاہت رؤف نے جنید جمشید سے متعلق ایک یادگار واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔

نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وجاہت رؤف نے بتایا کہ مرحوم جنید جمشید کے ساتھ ان کی بہت اچھی دوستی تھی اور جنید جمشید نے انتہائی مالی مشکلات کے باوجود ان کا 800 ڈالرز کا قرضہ یہ کہہ کر واپس کردیا کہ وہ کسی کے مقروض ہوکر خدا کے پاس نہیں جانا چاہتے۔

وجاہت رؤف نے بتایا کہ 14 اگست کے موقع پر جنید جمیشد اور میں نے لاس اینجلس میں جنید کا کانسرٹ بک کروایا، ہمیں مینیجر نے کہا کہ آپ 800 ڈالر ایڈوانس ادائیگی کردیں تو ہم نے وہ ادائیگی کردی لیکن ادائیگی کے باوجود مسائل کی وجہ سے وہ کانسرٹ نہیں ہوسکا، اس کے بعد ہم پاکستان واپس آگئے۔

وجاہت رؤف نے بتایا کہ 2 سال گزرنے کے بعد میری جنید سے اچھی خاصی دوستی ہوگئی اور ایک روز انہوں نے مجھے فون کرکے گھر بلایا، مجھے لگا کہ جنید جمشید نے مجھے معاشی مدد کیلئے یاد کیا ہے کیونکہ اس میں انکی معاشی مشکلات سے واقف تھا، جب میں انکے گھر پہنچا تو جنید نے مجھے بتایا کہ اس نے اپنا گھر اور گاڑیاں بھی بیچ دی ہیں۔

ہدایتکار نے مزید بتایا کہ اس وقت جب میں نے جنید جمشید سے کسی مدد کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ تمہیں کوئی مدد نہیں کرنی بلکہ مجھے ابھی پتا چلا کہ تم نے کانسرٹ پر مجھے 800 ڈالر ایڈوانس دیے تھے تو تمہارے وہ پیسے مجھے واپس کرنے ہیں، پھر انہوں نے مجھے کہا کہ میں تمہارے ریسٹورنٹ میں گٹار بجاکر تمہارا ادھار چکانا چاہتا ہوں۔

میرے انکار پر جنید نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ میں تمہار ادھار لیے اللہ کے سامنے پیش ہوں، اس کے بعد جنید جمشید نے وہ پیسے میرے ریسٹورنٹ شو کے ذریعے ادا کردیے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ معروف نعت خواں جنید جمشید ایک بہترین انسان تھے۔

پروگرام کے دوران وجاہت رؤف کی اہلیہ شازیہ وجاہت بھی موجود تھیں، ایک سوال کے جواب میں دونوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے 18 سال کی عمر میں منگنی کرلی تھی اور دونوں ایک ساتھ کالج میں بھی پڑھے، ان کی شادی کو 25 سال گزر چکے ہیں اور دونوں کے درمیان کبھی کوئی تنازع نہیں ہوا البتہ کام سمیت دیگر معاملات پر معمولی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔

وجاہت رؤف نے واضح کیا کہ دونوں میاں بیوی ہونے کے باوجود ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور شاید ان کی شادی کی کامیابی کا یہی سبب ہے، دونوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے عاشر وجاہت کو بھی اپنی پروڈکشن میں کام کرنے کے پیسے دیتے ہیں، انکے مطابق عاشر وجاہت 9 سال کی عمر سے اداکاری کرتے آرہے ہیں اور انہوں نے پہلی کمائی 9 سال کی عمر میں کی تھی۔

وجاہت رؤف نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے کامیڈی شو 'وائس اوور مین' میں شرکت کرنے والے مہمان مفت میں آتے تھے، البتہ جن شوز کو کسی کمپنی نے اسپانسرڈ کیا تھا، ان میں شرکت کرنے والی شخصیات کو معاوضہ دیا جاتا تھا، انہوں نے اپنے شو میں مفت میں آنے والی شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور اعتراف کیا کہ زیادہ تر شخصیات مفت میں ان کے شو میں آئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں