متحدہ عرب امارات نے 1 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کروا دیے
دو روز میں تین ارب ڈالرز پاکستان کو وصول ہوئے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے فنڈز موصول ہونے کی تصدیق کردی
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ جمع کروادیے۔
ویڈیو کانفرنس میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ ماضی قریب میں یو اے ای نے ایک ارب ڈالرز قرض دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی یقین دہانی وزیراعظم کے دورہ یو اے ای میں حکام نے کی تھی جبکہ چند روز قبل حکام نے آرمی چیف سے بھی یقین دہانی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور پاکستان کے عوام کی طرف سے یو اے ای قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن بہتری کی طرف جارہی ہے، گزشتہ روز دو ارب ڈالرز سعودی عرب سے آئے تھے، یوں دو دن میں زرمبادلہ کے ذخائر تین ارب ڈالرز بڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام سے خوش نہیں مگر مجبوری میں قرض لے رہے ہیں، وزیراعظم
وزیر خزانہ نے کہا کہ چودہ جولائی کو زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی جائے گی۔ ہم چودہ پندرہ ارب ڈالر کے درمیان زرمبادلہ کے ذخائر لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپریل بائیس میں جب سے حکومت سنبھالی ایک منٹ بھی ادائیگیاں تاخیر سے نہیں کی گئیں جبکہ ڈیفالٹ کی افواہیں قدرتی موت مر گئیں، اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہے، ہر دن پاکستان کیلیے بہتر ہوگا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، پاکستان قائد اعظم کے خواب کی طرح دنیا میں اپنا کھوایا ہوا وہ مقام حاصل کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کرادیے
اسے بھی پڑھیں: آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے 3 ارب ڈالر اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کی منظوری متوقع
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے 2015 - 2016 کے دور میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا جو پی ٹی آئی دور میں 47ویں نمبر پر پہنچ گیا تھا۔
وزیراعظم کا اظہار تشکر
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایک ارب ڈالرز قرض دینے پر پیارے بھائی،صدریواے ای محمد بن زائد کاشکرگزارہوں، متحدہ عرب امارات ہرآزمائش پرپورا اترنے والا برادر ملک ہے جوہمیشہ پاکستان کی حمایت کے لیے آگے آیا۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای کا یہ تعاون معیشت کو مستحکم کرنے کی ہماری کوششوں میں اہم ہے۔