ڈکیتی واردات لوگوں کے ’لفٹ نہ کرانے پر‘ ڈاکو شرمندہ ہوکر واپس چلا گیا
سیلون کا مالک درحقیقت ڈاکو سے خوفزدہ تھا لیکن اس نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، گاہگ
امریکی شہر اٹلانٹا کے ایک سیلون کو لوٹنے کی کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب سیلون میں موجود لوگوں نے ڈاکو کو کوئی لفٹ نہیں کرائی اور وہ بے بسی کے عالم میں واپس چلا گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا جس کی ویڈیو امریکی نیٹ ورک'لا اینڈ کرائم' نے جاری کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نامعلوم شخص سیلون میں داخل ہوتا ہے اور ہاتھ میں پکڑےبیگ کے اندر اپنا ہاتھ اس انداز سے ڈالا ہوا ہے جیسے کوئی پستول پکڑی ہوئی ہو۔
ڈاکو سیلون میں موجود لوگوں سے چیخ چیخ کر کہتا ہے کہ سب نیچے بیٹھ جائیں اور اپنے سارے پیسے دے دیں تاہم وہاں موجود کسٹمرزاور ملازمین نے اسے 'کوئی گھانس نہیں ڈالی'۔یہاں تک کہ ڈکیتی کے دوران سیلون کے مالک نے فون کی گھنٹی بجنے پر اس کا جواب دینا زیادہ ضروری سمجھا۔
لیزا بیرو جو کہ باقاعدہ سیلون کی گاہک ہیں اور ڈکیتی کے وقت سیلون میں موجود تھیں، نے میڈیا کو بتایا کہ سیلون کا مالک درحقیقت ڈاکو سے خوفزدہ تھا لیکن اس نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا کیونکہ وہ نہیں چاہتا تھا کہ اس کے گاہک پریشان ہوں۔