یوم شہدائے کشمیر وہ اذان جسے 22 مؤذنوں نے جان دے کر مکمل کیا

یوم شہدائے کشمیر 92 سال سے منایا جارہا ہے

یوم شہدائے کشمیر 92 سال سے منایا جارہا ہے

آج یوم شہدائے کشمیر منایا جارہا ہے۔

یوم شہدائے کشمیر 92 سال سے ہر سال 13 جولائی کو منایا جاتا ہے۔ یہ تاریخی دن کشمیر اور پاکستان کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مناتے ہیں۔ یہ دن ان 22 کشمیری مؤذنوں کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہیں 13 جولائی 1931 کو مہاراجا کشمیر کے سپاہیوں نے اذان کی ادائیگی کے دوران سری نگر جیل کے باہر شہید کردیا تھا، جبکہ بے شمار مسلمانوں کو گرفتار کیا تھا۔

یہ ایسی اذان تھی جسے 22 مؤذنوں نے جان دے کر مکمل کیا، جس کی گونج آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں مؤجزن ہے۔ 13جولائی کی قربانیوں کی داستان آج تک کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو تازہ رکھے ہوئے ہے اور یہی واقعہ دراصل تحریک آزادی کی بنیاد بنا۔


یہی وہ ناقابل فراموش دن ہے جب کشمیریوں نے عہد کیا کہ وہ ہر قیمت پر آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ اس سفاکانہ واقعہ کے بعد بھی 9 دہائیوں سے کشمیری عوام ہندو راشٹرا کے ریاستی جبر و ستم کا شکار رہے مگر ہمت نہیں ہاری۔ ہر سال 13جولائی کو دنیا بھر میں شہدائے کشمیر کو زبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ کشمیری اس عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ وہ ہندوستانی جبر و استبداد سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔

13جولائی کا دن بلاشبہ کشمیریوں کے عزم و حوصلے اور جدوجہد کا نشان ہے۔ ریاستی دہشت گردی کے باوجود بھارت کشمیریوں کو دبانے میں مسلسل ناکام رہا ہے۔ ایک لاکھ کشمیری شہداء کا خون تحریک آزادی کشمیر کے زندہ ہونے کی دلیل ہے۔ 2019 میں مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں یوم شہدا کی تعطیل ختم کرنے کا اعلان کر کے کشمیریوں کی تاریخ کی توہین کی۔

اور تو اور بھارتی حکومت نے 26 اکتوبر کو نام نہاد 'یومِ الحاق' کے موقعے پر سرکاری تعطیل منانے کا اعلان کیا گیا۔ ان تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود بھی بھارت کشمیریوں کی شناخت اور تاریخ مسخ کرنے میں ناکام رہے گا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاست سے نفرت بڑھ رہی ہے۔ جنگ آزادی میں نوجوان خون کی شمولیت سے بھارت بوکھلا گیا ہے۔
8 جولائی 2016 کو برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونکی۔ برہان وانی اور مقبول بٹ جیسے ہزاروں ہیروز کی جرأت و ثابت قدمی کشمیری حریت پسندوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر 9 لاکھ بھارتی فوجی مسلط ہیں۔ ان میں سے 3 لاکھ فوجی محض سری نگر پر قابض ہیں۔
Load Next Story