حکومتی کوشش سے کرم ایجنسی میں متحارب فریقین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا
امن و امان میں خلل ڈالنے والے کسی بھی فرد کو تحفظ نہیں دیا جائے گا، خلاف ورزی پر 12 کروڑ جرمانہ اور کارروائی ہوگی
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے پارا چنار میں کئی روز سے جاری اراضی تنازع پر حکومتی جرگہ کی سرپرستی میں فریقین کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد فریقین کے مابین جنگ بندی ہوگئی ہے دونوں گروپوں کے مورچہ زن مسلح افراد واپس نے گھروں کو چلے گئے ہیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مورچوں میں پوزیشنز سنبھال لی ہیں۔
مزید پڑھیں: کرم میں قبائلی جھڑپوں میں مزید 2 افراد جاں بحق، 25 زخمی
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سال کے لیے امن معاہدہ طے گیا گیا ہے جس پر دونوں فریقین راضی ہے۔ معاہدے کے تحت امن و امان میں خلل ڈالنے والے کسی بھی فرد کو تحفظ نہیں دیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں 12 کروڑ روپے جرمانہ جبکہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق معاہدہ فوری نافذ العمل ہوگا۔ دونوں فریقین کے کامیاب مذاکرات کے بعد کرم کے تمام راستوں کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کرم میں زمینی تنازع پر کشیدگی ختم کرنے کیلیے حکومت نے جرگہ تشکیل دے دیا
واضح رہے کہ کرم میں گزشتہ کئی روز سے زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان شدید لڑائی جاری تھی، جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔