آئی ایم ایف سے پاکستان کی ڈیل ہماری تائید اور حمایت سے ہوئی تحریک انصاف
شہباز شریف کا خطاب جھوٹ کا مجموعہ تھا جس کے ذریعے قوم کو شیشے میں اتارنے کی کوشش کی گئی، ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل
وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل د یتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا خطاب جھوٹ کا مجموعہ تھا جس کے ذریعے قوم کو شیشے میں اتارنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کوآئی ایم ایف سے ڈیل تحریک انصاف کی تائید وحمایت کے بعد ہی میسرہوسکی۔
وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کا خطاب جھوٹ، مکر اور فریب کا مجموعہ تھا جس کے ذریعے مجرمانہ کارکردگی پر پردہ پوشی کی کوششش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تقریر نویسوں کی لفاظی سے جادو جگانے اور بے معنی گفتگو سے قوم شیشے میں نہ پہلے اتری اور نہ ہی اب اترے گی کیونکہ شہباز شریف کی پوری سیاست روز روشن کی طرح قوم کے سامنے ہے۔
مزید پڑھیں: قرض لے لے کر ہم نے اپنے وقار کو مجروح کرلیا ہے،اب کشکول توڑ کر محنت کرنا ہوگی، وزیراعظم
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ زرداری کو لاڑکانہ، لاہور اورپشاور کی گلیوں میں گھسیٹنے والے اور شہباز شریف ملک کو"شبانہ روز" تباہی کی دلدل میں اتارنے والے شہباز شریف سے ہرگز مختلف نہیں، زرداری کا پیٹ پھاڑ کر قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے والا شہبازشریف آئی ایم ایف کی دہلیز پرسجدہ ریز ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فرق محض اتنا ہے کہ اپریل 2022 میں قوم کے سرپرمسلّط ہونے والا شہبازشریف "ڈگی" جیسی آزمائش سے کامیابی سے گزر کرآیا تھا، اپریل 2022 میں مسلّط کئے جانے والا شہبازشریف ایک ہاتھ میں "چیری بلاسم" کی ڈبیا تھام کر دوسرے سے سیلیوٹ مارتا ہے، پندرہ ماہ کے اقتدار کے بعد قوم جان چکی ہے کہ شہباز شریف شعبدہ بازی، مکروفریب اور غلامی و چاکری کا جیتا جاگتا استعارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے 15 ماہ میں 6% کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3% پرپہنچایا، سازش اور شرارت سے قوم پر مسلّط کی گئی سرکار نے ساڑھے تین سال کے امن کوآگ لگا کر ملک کو دہشتگردی اور بدامنی کے سپرد کیا، اشتہاروں سے خوشحالی و ترقی کے مینارتعمیر کرنے والے شہبازشریف نے ایک سال میں ساڑھے آٹھ لاکھ پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے پرمجبور کیا۔
ترجمان نے کہا کہ پندرہ ماہ میں کٹھ پتلی راج نے ملک میں آئین پامال، قانون رسوا اور نیب سمیت قومی اداروں کو تباہ کیا گیا، وزارتِ عظمیٰ پر بیٹھے تاریخ کے نایاب مسخرے نے آزادئ اظہار کا گلا گھونٹ کر ملک پر بنیادی حقوق سے محرومی کی سیاہ رات مسلط کی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک کو موصول
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ تاریخ کی پہلی مخلوط امپورٹڈ حکومت نے اقدار کو تباہ، انسانی شرف کو مجروح اور شہریوں کی عزت و وقار کو بےدردی سے پامال کیا، شہبازشریف کی سرکردگی میں مجرموں کی حکومت نے ملک کو بےسمت اور عالمی تنہائی کا شکار کیا۔ کشکول کو حکومتی امتیاز کی علامت بنانے والے ان عیاش طبع بھکاریوں پرآئی ایم ایف سمیت کوئی بھروسہ کرنے کو تیار نہیں ہوا، پاکستان کوآئی ایم ایف سے ڈیل تحریک انصاف کی تائید وحمایت کے بعد ہی میسرہوسکی۔
اسے بھی پڑھیں: پاکستان میں رواں سال مہنگائی اور بے روزگاری کم ہونے کا امکان ہے، آئی ایم ایف
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کواپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور قوم کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کا پہلا زینہ ان مجرموں سے نجات ہے، کٹھ پتلی راج کی مزید سرپرستی سے توبہ کرکے مستقبل قوم کے سپرد کرنے کا وقت آن پہنچا ہے، سنگین غلطیوں پراصرار کی بجائے ان سے گریز کیا جائے، سیاست اور ریاست دونوں کو عوام کی منشاء کے تابع کیا جائے۔