ایشیاکپ انتظار کی گھڑیاں ختم شیڈول کی آج رونمائی

31 اگست سے آغاز،پاک بھارت ٹیمیں کم سے کم 2 مرتبہ دمبولا میں ٹکرائیں گی


Sports Desk July 14, 2023
پاکستان میں 4 میچز ہوں گے، 17 ستمبر کو فائنل سمیت سری لنکا میں 9 مقابلے (فوٹو: ایکسپریس ویب)

انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، ایشیاکپ کے شیڈول کی رونمائی جمعے کو ہوگی جب کہ پاک بھارت معرکوں پر کروڑوں شائقین کرکٹ کی نگاہیں مرکوز ہوں گی۔

ایشیاکپ 2023 کا شیڈول جمعے کو جاری کیا جائے گا، ہائبرڈ ماڈل کے ایونٹ کا میزبان پاکستان ہے تاہم ملک میں صرف 4 ہی میچز ہو سکیں گے،ان میں گرین شرٹس کا نیپال کے ساتھ مقابلہ بھی شامل ہے، 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

ایشیا سمیت دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کرکٹ کی نگاہیں پاکستان اور بھارت کے بلاک بسٹر مقابلوں میں مرکوز ہوں گی، دونوں ٹیمیں دمبولا میں کم سے کم 2 مرتبہ ٹکرائیں گی، پہلے ان ہائی وولٹیج مقابلوں کے کولمبو میں انعقاد کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا تاہم اب تمام مقابلے دمبولا میں ہی ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ''پاکستانی ٹیم میں ایشیاکپ اور ورلڈکپ کیلئے زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی''

ایونٹ میں شریک 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 4 رائونڈ میں جگہ بنائیں گی جہاں پر تمام کا آپس میں ایک بار ٹکرائو ہوگا، ٹاپ 2 ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔

اگر پاکستان اور بھارت دونوں ہی فائنل میں جگہ بنا لیں تو پھر اس ایک ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں کے درمیان 3 بار مقابلہ ہوگا۔ 31 اگست سے 17 ستمبر تک شیڈول اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 13 میچز کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار پر ہائبرڈ ماڈل اپنانے کا فیصلہ ہوا، ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ ایونٹ ہی منعقد نہیں ہو پائے گا لیکن پھر اے سی سی نے موقف میں لچک لاتے ہوئے صرف سری لنکا میں میچز کا ارادہ بدل دیا،اب چار میچز پاکستان میں بھی ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں