نکولس کیج
نکولس کیج کے اطالوی نژاد والدادب کے پروفیسر جبکہ ان کی جرمن پولش نژاد والدہ فلم انڈسٹری سےبطور کوریو گرافر وابستہ تھیں
1981 میں نکولس کیج کی پہلی فلم بیسٹ آف ٹائمز ریلیز ہوئی فوٹو : فائل
فلم دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے وہ کردار انھی کے لئے خاص طور پر لکھا گیا ہو، مگر اگلی فلم میں بالکل مختلف کردار ملنے پر بھی ان کے بارے میں فلم بین کو یہی احساس گھیر لیتا ہے، یہ ہیں ہالی وڈ کے ایکشن، کامیڈی، رومانٹک اور ہارر موویز کے سپر سٹار ہیرو نکولس کیج ، جن کی ہر مووی فلم بینوں میں بہت پسند کی جاتی ہے، بعض فلموں نے تو مقبولیت کے ریکارڈ قائم کئے۔
نکولس کیج 7جنوری 1964ء کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لانگ بیچ میں پیدا ہوئے۔ ان کے اٹالین نژاد والد آگسٹ فلائڈ کوپولا لٹریچر کے پروفیسر تھے اور ان کی جرمن پولش نژاد والدہ جوائے فلم انڈسٹری سے بطور کوریو گرافر وابستہ تھیں۔ نکولس کے دادا کارمن کوپولا کمپوزر اور دادی اٹالیا اداکارہ تھیں۔ نکولس کے چچا فرانسس فورڈ اور چچی طالیا شائر اورکزن اومن کوپولا اورصوفیاء بھی فلم پروڈکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ گویا نکولس کو ابتدا سے ہی ایسا ماحول میسر آیا کہ جس سے انھیں فلم کی لائن میں آگے بڑھنے میں مدد ملی۔ نکولس کیج نے مشہور زمانہ ہائی سکول بیورلے ہلز سے تعلیم حاصل کی جو بہت سی مقبول شخصیات کی مادر علمی رہا ہے۔ ایک تو گھر میں فلم کا ماحول اوپر سے سکول میں فن اداکاری میں آگے بڑھنے کے مواقع، اس لئے انھوں نے سکول کے زمانے میں ہی شوقیہ تھیٹر میں کام کرنا شروع کر دیا۔ انھوں نے اپنے شوق کی تکمیل کے لئے یوسی ایل اے سکول آف تھیٹر فلم اور ٹیلی وژن کی کلاسز بھی اٹینڈ کیں۔
تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد نکولس کیج نے باقاعدہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ۔ وہ معروف اداکار جیمز ڈین سے بہت متاثر تھے ، ان کا کہنا ہے'' میں نے جب جیمز ڈین کو ایڈن فلم میں دیکھا تو میرے ذہن نے فوراً کہا کہ یہی ہے جو میں بننا چاہتا ہوں '' ۔ کیونکہ ان کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جن کی اکثریت فلم انڈسٹری سے وابستہ ہے تو انھوں نے خود کو اقرباء پروری سے بچانے کے لئے اپنے اصل نام نکولس کم کوپولا کو تبدیل کر کے نکولس کیج کر لیا ۔ تاہم1981 میں ریلیز ہونے والی ان کی پہلی فلم بیسٹ آف ٹائمز ان کے اصل نام سے ہی ریلیز ہوئی۔
اس کے بعد انھوں نے 1982 میں فاسٹ ٹائم ایٹ ایگمونٹ ہائی میں بریڈ بڈ کا کردار ادا کیا۔ 1983 میں انھیں دو فلموں ویلی گرل اور رمبل فش میں کام کرنے کا موقع ملا۔ 1984میں انھوں نے تین فلموں ریسنگ ود دی مون ، دی کاٹن کلب اور برڈی میں کردار ادا کئے ۔ 1986ء میں دو فلموں دی بوائے ان بلیو اور پیگی سو گاٹ میریڈ میں کام کیا۔ تاہم سات سال تک مسلسل کام کرنے کے باوجود نکولس کو ابھی کوئی ایسا کردار ادا کرنے کا موقع نہیں ملا تھا جس سے وہ فلم انڈسٹری میں اپنی نمایاں شناخت بنا سکیں۔ یہ موقع انھیں فلم مون سٹرک میں کام کرنے سے ملا، ان کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا اور ایوارڈ کے لئے نامزدگی بھی ان کے حصے میں آئی ۔ یہاں سے صحیح معنوں میں نکولس کیج کی کامیابیوں کا سفر شروع ہوتا ہے، پھر انھیں نیور آن ٹیوز ڈے ، ویمپائر کس ، ٹیمپوڈی ، فائر برڈ ، انڈسٹریل سمپونی نمبر ون، وائلڈ آن ہارٹ ، زنڈیلے، ہنی مون ان لاس ویگاس، الموس اینڈ اینڈریو، ڈیڈ فل ، ریڈ راک ویسٹ ، گارڈنگ ٹس، ٹریپڈ ان پیراڈائز ، کس آف ڈیتھ اور لیونگ لاس ویگاس میں کام کرنے کا موقع ملا ۔ ان آٹھ سالوں میں ایسا وقت بھی آیا جب ان کی ایک سال میں تین فلمیں ریلیز ہوئیں، تاہم ان میں سے 1995میں ریلیز ہونے والی فلم لیونگ لاس ویگاس بہت کامیاب ثابت ہوئی اور انھیں دس مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا اور تین کے لئے نامزدگیاں حاصل کیں ۔
تمام تر محنت اور کوشش کے باوجود نکولس کیج ابھی تک عالمی سطح پر اپنی شناخت نہیں بنا سکے تھے، یہ موقع انھیں فلم راک سے ملا جس کے ہیرو لیجنڈ اداکار سین کونری تھے۔ یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور فلم کی دنیا میں ان کے نام کا ڈنکا چار دانگ عالم بجنے لگا۔
اب نکولس کیج کو بلاک بسٹر ایکشن فلموں میں کام ملنے لگا اور انھوں نے 1997ء میں کان ایئر ، فیس آف، 1998میں سٹی آف اینجلز، سنیک آئز، 1999میں ایم ایم ایٹ، برنگنگ آؤٹ آف ڈیڈ، 2000ء میں بل ایئر، گان ان سکسٹی سیکنڈ، 2009ء میں شیڈو آف ویمپائر، 2002ء میں اڈیپٹیشن، 2003ء میں دی لائف آف ڈیوڈ گیل، 2004ء میں نیشنل ٹرریئر، 2005 میں لارڈ آف وار، 2006 میں دی کرس آف سپر مین، دی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں کام کیا جو بہت پسند کی گئیں ۔
2007ء میں نکولس کیج کی ایکشن ہارر مووی گھوسٹ رائڈر ریلیز ہوئی جس پر بہت زیادہ تنقید کی گئی مگر عوام میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم ہوئے، اس فلم نے پہلے ہی ہفتے 45ملین ڈالر کا بزنس کیا اور پوری دنیا میں 208 ملین ڈالر کمائے، اس میں ان کا کردار ایک سپورٹ مین کا تھا جو عوام کے سامنے موٹر سائیکل پر جمپ کرتا ہے اور طویل ترین جمپ کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہتا ہے مگر اس کے بعد اس کی زندگی میں عجیب تبدیلیاں آتی ہیں اور وہ ماورائی طاقتوں کا اسیر ہو جاتا ہے، مگر اپنی اصلیت کو کسی حال میں نہیں بھولتا اور انسانیت کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
یہ ہالی وڈ میں ایک نیا آئیڈیا تھا اس لئے ناقدین کی طرف سے بہت تنقید کی گئی، مگر عوام میں مقبولیت سے اس آئیڈیے پر مزید کام کرنے کا راستہ ہموار ہوا اور 2012 میں اس فلم کا سیکوئل گھوسٹ رائڈر سپرٹ آف وینجنس تیار کیا گیا ، یہ فلم بھی عوام نے بہت پسند کی ۔
2008ء میں نکولس کیج نے دو فلموں بینکاک ڈینجرس اور رومن پولانسکی میں کام کیا، اس کے بعد انھوں نے نوئنگ، جی فورس، آسٹرو بوائے، دی بیڈ لیفٹیننٹ ، کک ایس، ود گریٹ پاور دی سٹان، دی سیزن آف وچ، ڈرائیو اینگری، ٹریس پاس ، سیکنگ جسٹس ، اے تھاؤزنڈ ورڈز، سٹولن ، دی کروڈز اور دی فروزن گراؤنڈ میں کام کیا ، ان کی یہ تمام فلمیں بہت کامیاب ہوئے مگر فلم دی کروڈز نے بزنس کے ریکارڈ قائم کئے ، یہ فلم صرف 135ملین ڈالر سے بنائی گئی تھی مگر اس نے 585ملین ڈالر کمائے۔
نکولس کیج نے تین شادیاں کیں ، ان کی پہلی شادی 1995 میں اداکارہ پیٹریسا اریکیوٹ سے ہوئی جو 2001 میں طلاق پر منتج ہوئی ۔ اس کے بعد 2002 میں انھوں نے معروف سنگر لزا مارک پریسلے سے شادی کی ، صرف تین مہینے بعد دونوں میں جھگڑا ہو گیا جو بالآخر طلاق تک پہنچا۔ اس کے بعد انھوں نے ایلس کم سے شادی کی ۔ یہ شادی ابھی تک کامیاب ہے ،2005 میں ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوا جس کا نام انھوں نے کیل ایل رکھا۔
ہالی وڈ فلموں کے معروف نقاد راجر البرٹ نے نکولس کیج کی تعریف ان الفاظ میں کی ہے'' نکولس کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کردار میں ویسا نظر آئے جیسا کہ وہ کردار ہے اور وہ اس میں کامیاب رہتا ہے''۔ اسی طرح ایتھن ہاک کا کہنا ہے کہ مارلن برانڈو کے بعد وہ واحد اداکار ہے جو ایکٹنگ کے آرٹ میں کوئی نئی چیز کرتا ہے۔ فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر مئی 2001ء میں کیلی فورنیا سٹیٹ یونیورسٹی فلرٹن نے انھیں ڈاکٹریٹ آف فائن آرٹس کی آنریری ڈگری دی ۔
نکولس کیج کا شمار ہالی وڈ کے ایسے اداکاروں میں ہوتا ہے جو خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ انھوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو دو ملین ڈالر کا عطیہ دیا ۔ اسی طرح سمندری طوفان کیٹریناکے متاثرین کے لئے ایک ملین ڈالر دیئے۔ وہ پہلے اداکار ہیں جنھوں نے آرٹسٹوں کے بنیادی حقوق، غلامی اور چائلڈ لیبر کے لئے شروع کئے گئے پروگرام آرٹ ورکس کی حمایت کی ۔ اقوام متحدہ نے انھیں ہیومینٹیرین ایوارڈ سے نوازا اور گلوبل جسٹس کے لئے اپنا نمائندہ مقرر کیا ۔
ایوارڈز اور نامزدگیاں
٭1987میںفلم مون سٹرک میں بہترین اداکاری پر گولڈن گلوب ایوارڈ کی بیسٹ ایکٹر کیٹیگری کے لئے نامزد کئے گئے۔
٭1989 میں فلم ویمپائر کس کے لئے سٹجز فلم فیسٹیول ایوارڈ کی بیسٹ ایکٹر کیٹیگری میں کامیابی اور انڈیپینڈنٹ ایوارڈ کے لئے نامزد کئے گئے۔
٭1992میں فلم ہنی مون ان ویگاس کے لئے گولڈن گلوب ایوارڈ کی بیسٹ ایکٹر کیٹیگری کے لئے نامزد اور اکیڈمی ایوارڈ جیتا۔
٭1995میں فلم لیونگ لاس ویگاس کے لئے اکیڈمی ایوارڈ ، بوسٹن سوسائٹی آف فلم کریٹکس ایوارڈ،شکاگو فلم کریٹکس ایسوسی ایشن ایوارڈ، گولڈن گلوب ایوارڈ،لاس اینجلس فلم کریٹکس ایسوسی ایشن ایوارڈ، سوسائٹی آف ٹیکساس فلم کریٹکس ایوارڈ اور سکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈ جیتا۔
٭ 1997میں فلم دی راک کے لئے بلاک بسٹر انٹرٹینمنٹ ایوارڈ اور ایم ٹی وی مووی ایوارڈجیتا۔
٭ 1998میں دو فلمیں کون ایئر اور فیس آف ریلیز ہوئیںجس کے لئے انھوں نے بلاک بسٹر انٹرٹینمنٹ ایوارڈ، ایم ٹی وی مووی ایوارڈ اور سیٹرن ایوارڈ جیتے اور نامزد کیا گیا۔
٭ 1999 میں دو فلموں سٹی آف اینجلز اور سنیک آئیز کے لئے بلاک بسٹر انٹرٹینمنٹ ایوارڈ جیتا۔
٭ 2001 میں دو فلمیں گان ان سکسٹی سیکنڈز اور دی فیملی مین ریلیز ہوئیں، جس کے لئے بلاک بسٹر انٹرٹینمنٹ ایوارڈ جیتا او ر اکیڈمی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔
٭ 2002 میں فلم اڈیپٹیشن کے لئے لندن فلم کریٹکس سرکل ایوارڈ،سیٹلائٹ ایوارڈ،سکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈ اور فونیکس فلم کریٹکس سوسائٹی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔
٭ 2009 میں فلم دی بیڈ لیفٹیننٹ کے لئے ٹورنٹو فلم کریٹکس ایسوسی ایشن ایوارڈ جیتا۔
سپیشل ایوارڈز
٭ 1995 میں سن ڈانس فیسٹیول میں ٹریبیوٹ ٹو انڈیپینڈنٹ وژن ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ 1996 میں مونٹریل ورلڈ فلم فیسٹیول میں کیریئر ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ 1998 میں ہالی وڈ واک آف فیم میں سٹار آن دی واک آف فیم سے نوازا گیا۔
٭2001 میںامریکن سینماتھیکو گالا ٹریبیوٹ میں امریکن سینما تھیکو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ 2001 میں سہو ویسٹ کنوینشن یو ایس اے میں ڈسٹینگوش ڈیکیڈ آف اچیومنٹ ان فلم ایوارڈ دیا گیا۔
٭2003ء میں شکاگو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کیریئر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭2004 میں ہالی وڈ میک اپ آرٹسٹ اینڈ ہیئر سٹائلسٹ گلڈ ایوارڈ میں بیری مور ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ 2005 میں سائن ویگاس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہاف لائف ایوارڈ سے نوازا گیا۔
٭ 2006 میں پیپلز چوائس ایوارڈ شو میں فیورٹ موشن پکچر ایکٹر کے لئے نامزد کیا گیا۔
٭2007 میں گولڈن کیمرا فیسٹیول میں فلم انٹرنیشنل سے نوازا گیا۔
٭2013 میں ہوڈنگ ایوارڈ شو میں بیسٹ گلوبل ایکٹر ان موشن پکچرز ایوارڈ سے نوازا گیا ۔n