حکومتی اثاثوں کی بہترانتظام کاری کیلیے’ پاکستان خود مختار دولت فنڈ ‘ قائم کرنے کا فیصلہ

مسودہ قانون کو حتمی شکل دے دی گئی، مزید کارروائی کے لیے مسودہ وزارت قانون و انصاف کو بھیجا جائے گا

فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں حکومت پاکستان کے اثاثوں کا بہترین فائدہ اٹھانے اور بہتر انتظام کاری کےلیے پاکستان خودمختار دولت فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فنڈ کا قیام پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے حکومت نے مسودہ قانون کو حتمی شکل دے دی ہے، اور مزید ضروری کارروائی کے لیے مسودہ وزارت قانون و انصاف کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان خودمختار دولت فنڈ کے قیام سے متعلق قانونی مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔


اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اور فنانس ڈویژن اور ایس ای سی پی کے سینئر افسران شریک ہوئے۔

اعلامیہ کے مطابق جیسا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ میں اپنی بجٹ 2023-24 کی تقریر میں اعلان کیا تھا اجلاس میں ملک میں حکومت پاکستان کے اثاثوں کا بہترین فائدہ اٹھانے اور بہتر انتظام کے لیے پاکستان خودمختار دولت فنڈ کے قیام کے مسودہ بل کا جائزہ لیا گیا۔

بین الاقوامی معیارات، پالیسیاں اورطرز عمل، فنڈ کا قیام پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت عمل میں لایا جائے گا۔ اجلاس میں مسودے کےتکنیکی امور پر غور کرنے کے بعد مسودہ قانون کو حتمی شکل دی گئی اور اسے قانونی رائے اور مزید ضروری کارروائی کے لیے وزارت قانون و انصاف کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Load Next Story