9 مئی واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کی جے آئی ٹی میں پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

چیئرمین پی ٹی آئی دوران تفتیش جے آئی ٹی کو دھمکاتے رہے، توڑ پھوڑ کرنے والوں کو پی ٹی آئی کا تسلیم کرنے سے انکار


ویب ڈیسک July 15, 2023
(فوٹو : فائل)

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی اندرونی کہانی منظر عام پر آئی ہے جس کے مطابق عمران خان تفتیش کے دوران جے آئی ٹی ارکان کو دھمکاتے رہے اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو پی ٹی آئی کا تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی ایک روز قبل لاہور میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور آج اس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آئی ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جے آئی ٹی ارکان کو کہا کہ آپ میں سے کسی کو نہیں رہنا واپس آ رہا ہوں دیکھ لوں گا۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے 9 مئی کے بارے میں مخلتف سوالات کیے، جے آئی ٹی کے ارکان نے کہا کہ ہم آپ سے صرف پروفیشنل سوالات کریں گے، یہ بتائیں کہ نو مئی کو پورے ملک میں جو ہوا ٹارگٹڈ اور طریقہ واردات ایک تھا، یہ پلاننگ تھی یا اتفاق؟

عمران خان نے جواب دیا کہ جو بھی ہوا یہ پلاننگ تھی اس پر جے آئی ٹی نے کہا کہ اگر پلاننگ تھی تو آپ کے لوگ کنٹونمنٹ کی طرف کیوں گئے تھے؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ جب کمانڈر مجھے گرفتار کرے گا تو وہیں جانا تھا۔

جے آئی ٹی نے پوچھا کہ ثبوت ہیں کہ آپ نے انہیں مشتعل کیا اور احکامات دئیے اس پر عمران خان نے کہا کہ میں نے کچھ نہیں کہا سب مرضی سے ان مقامات پر گئے، اس دن جو ہوا سب سازش تھی۔

جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مختلف ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائیں جس پر چیئرمین نے انہیں پہچاننے سے ہی انکار کر دیا اور کہا کہ میرے لو گ نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔