سردار مسعود خان اور امریکا میں پاکستانی کمیونٹی

امریکا میں پاکستانی کمیونٹی پاکستان میں بہت سرمایہ کاری کررہی ہے۔ یہ اطمینان اور مسرت کی بات ہے


Tanveer Qaisar Shahid July 17, 2023
[email protected]

کسی بھی ملک میں تعینات کسی بھی ملک کے سفیر کے بنیادی اور پیشہ ورانہ خصائص میں یہ خصوصیات نمایاں طور پر پائی جانی چاہئیں: وہ تحمل مزاج ہو ، صابر ہو ، دوسروں کی بات بغور سُننے کی صلاحیت رکھتا ہو ، جس ملک میں متعین ہو وہاں کی زبان، کلچر ، سیاست، معیشت اور اسٹیبلشمنٹ سے خوب آگاہ ہو ۔جناب سردار مسعود خان میں یہ خصائص بدرجہ اتم پائے جاتے ہیں ۔

سردارمسعود صاحب تجربہ کار ، صاحب الرائے اور کامیاب سفارتکار تسلیم کیے جاتے ہیں۔ آجکل وہ امریکا میں پاکستان کے سفیر ہیں ۔ اِس سے قبل وہ پاکستان کے معتمد ترین دوست ملک، جمہوریہ چین، میں پاکستان کے سفیر رہے ہیں۔

وہ جب چین میں پاکستان کے لیے قابلِ تحسین سفارتکاری کررہے تھے، ہماری بھی بیجنگ میں اُن سے کئی ملاقاتیںہُوئیں ۔ یہ ملاقاتیں چینی دارالحکومت میں بروئے کار عظیم پاکستانی سفارتخانے کی عمارت میں ہُوئیں ۔ ہم نے دیکھا کہ وہ اہلِ چین سے اُنہی کے خاص اسلوب میں بے تکان چینی زبان میں بات چیت کرتے ہیں ۔

بیجنگ کےGreat People,s Hall میں ہم نے اُنہیں پاکستانی وزیر اعظم کی تقریر کو جب فی الفور چینی زبان میں ترجمہ کرتے دیکھا اور سُنا تو یہ خوشگوار منظر ہمارے لیے خاصی حیرت کا باعث بھی تھا۔

سردار مسعود خان واقعی معنوں میں ایک متحمل اور صابر شخصیت کے مالک ہیں ۔ ہم نے بیجنگ کے ایک پنج ستارہ ہوٹل میں، پاکستانی وزیر اعظم کی موجودگی میں، اُن سے ایک سینئر پاکستانی صحافی کو بدتمیزی کرتے ہُوئے دیکھا ہے لیکن سردار مسعود آدابِ سفارتکاری کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہُوئے یہ بیہودگی برداشت کر گئے اور منہ سے ایک لفظ نہ نکالا۔ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے جناب سردار مسعود خان ہماری مستقل ہیتِ مقتدرہ کی بھی پسندیدہ شخصیت رہے ہیں ۔

اُنہوں نے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے وقار اور پاکستان کے مسلمہ اُصولوںکے اعتبار کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دی ۔اِسی کارن وہ سفارتکاری کی دُنیا سے ریٹائرمنٹ کے بعد صدرِ آزاد کشمیر بنائے گئے ۔ یہ حساس فریضہ بھی اُنہوں نے خوب نبھایا ۔مجھے کئی بار اُن سے ہمکلام ہونے کا موقع ملا ہے ۔ اُن سے گفتگو سے ہم نے جانا کہ وہ شائستہ مزاج ہیں، نپی تلی گفتگو کرتے ہیں اور حقائق کے منافی لب کشائی نہیں کرتے ۔

جب محترمہ ملیحہ لودھی کو بوجوہ امریکا میں سفارتکاری سے اچانک ہٹا دیا گیا تو اُن بحرانی ایام میں جناب سردار مسعود خان کو امریکا میں پاکستان کا سفیر متعین کر دیا گیا ۔ یہ انتخاب اور فیصلہ مستحسن بھی تھا اور مناسب ترین بھی۔ جب سے سردار مسعود خان صاحب امریکا میں پاکستان کے سفیر نامزد کیے گئے ہیں ، امریکا میںپاکستانی کمیونٹی اُنہیں اپنے دلوں کے قریب سمجھتی ہیں۔

وہ امریکی پاکستانی کمیونٹی کی ہر مناسب تقریب میں جی جان سے شریک ہوتے ہیں، اُن کے مسائل و شکایات پر کان دھرتے ہیں اور امریکی پاکستانی کمیونٹی کے موثر افراد کے تعاون سے امریکا میں آنے والے نئے پاکستانیوں کی ممکنہ قانونی اعانت و دستگیری بھی کرتے ہیں ۔

مثال کے طور پر جولائی 2023 کے دوسرے ہفتے ''ڈیلس'' میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کے اجتماع میں اُن کی شرکت ۔امریکی ریاست ''ٹیکساس'' کے مشہور شہر ''ڈیلس'' میں منعقد ہونے والایہ اجتماع امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی موثر تنظیم APPNAنے کیا۔ ''اپنا ''( Association of Physicians of Pakistan Descent of North America) کو معرضِ عمل میں آئے کوئی46برس ہو رہے ہیں۔

اِس تنظیم میں ہزاروں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز شامل ہیں۔ چند ایک اختلافات و تفاوت کے باوجود یہ تنظیم امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے اجتماعی مفادات کے لیے شاندار کردار ادا کررہی ہے۔اِس تنظیم سے وابستہ پاکستان نژاد امریکی ڈاکٹروں کی طرف سے جو ترسیلاتِ زرپاکستان بھجوائی جاتی ہیں، وہ علیحدہ سے پاکستان کی مستحسن معاشی خدمت ہے ۔

جولائی 2023کے دوسرے ہفتے APPNA کے سالانہ اجتماع میں سردار مسعود خان بطورِ مہمانِ خصوصی مدعو تھے ۔ اگرچہ APPNAکے چند ارکان کی ضد اور چیئرمین پی ٹی آئی کی محبت میں یہ اجتماع منقسم ہو کر دو حصوں میں بٹ گیا تھا ۔

اِس تقسیم کے باوصف مگر پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی اکثریت اُسی اجتماع میں بصد شریک ہُوئی جس کی صدارت سردار مسعود خان کررہے تھے ۔ یہ بات بحرحال افسوس کے ساتھ ہی کہی جائیگی کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے بعض اہداف اور نظریات کے کارن امریکا میں بھی پاکستانیوں کو تقسیم کر دیا ہے ۔

یہ تقسیم مہلک بھی ہے اور خطرناک بھی ۔ سردار مسعود خان کئی خدشات کے باوجود APPNAکے اجتماع میں شریک ہُوئے اور اپنے متوازن خطاب سے سامعین و حاضرین سے قومی جذبات سے لبریز گفتگو کی۔ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کا یہ کنونشن ہفتہ بھر جاری رہا۔ سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں APPNAکے وابستگان کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا بھی اور یہ بھی نصیحت کی کہ یکجہتی اور اتحاد ہی سے وہ اپنے آبائی وطن کی بہتر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

14جولائی2023ء کو واشنگٹن کے ایک ہوٹل میں منعقدہ اُس تقریب میں بھی سردار مسعود خان بطورِ صدر مدعو تھے جس میں اِس امر کی تصدیق کی گئی کہ ڈیلس سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین ( حفیظ خان ) نے واشنگٹن میں موجود سفارتخانے کی پرانی عمارت کو 71لاکھ ڈالر میں خریدا ہے۔ یہ عمارت پچھلے ایک عشرے سے خالی تھی اور مقامی امریکی بلدیاتی ادارہ اِسے ''پھپھوندی زدہ جائیداد'' (Blighted Property) قرار دے چکا تھا۔

اگلے روز امریکی دارالحکومت ، واشنگٹن، میں عالمی شہرت یافتہ این جی او ''المصطفیٰ ریلیف ایڈ'' کے زیر اہتمام المصطفیٰ کے چیئرمین جناب عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا تو سفیرِ پاکستان جناب سردار مسعود خان اِس تقریب کے بھی مہمانِ خصوصی تھے ۔

اِس تقریب میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ برطانیہ میں بروئے کار ''المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ''( جس نے پاکستان ، بنگلہ دیش، برما ،فلسطین اور القدس الشریف میں بھی کئی شاندار فلاحی پراجیکٹس شروع کررکھے ہیں) کی چیف ایگزیکٹو ، محترمہ رضوانہ لطیف، بھی''المصطفیٰ ریلیف ایڈ'' کی اِس تقریب میں شریک تھیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہُوئے سردار مسعود خان نے کہا: '' المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان اور کشمیر میں غریب اور مستحق مریضوں کی آنکھوں کا مثالی اور مفت علاج کررہا ہے۔ جب مَیں آزاد کشمیر کا صدر تھا، المصطفیٰ فری آئی کیمپوں میں مجھے خود جانے کا موقع ملا۔ اِن کی بے لوث خدمات دیکھ کر دل کو حوصلہ ملا۔ المصطفیٰ پورے پاکستان میں مستحقین میں مفت راشن بھی تقسیم کررہی ہے۔

زلزلہ، سیلاب اور قدرتی آفات میں اِس عالمی تنظیم اور اِس کے چیئرمین عبد الرزاق ساجد صاحب کی خدمات قابلِ تحسین ہیں ۔ آج یہاں اِس تنظیم کی تقریب میں شریک بڑی تعداد میں امریکی پاکستانی کمیونٹی کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ مسرت کی بات یہ بھی ہے کہ یہاں انڈیا اور بنگلہ دیش نژاد لوگ بھی موجود ہیں۔ ہم سب کو نیک کاموں کے لیے متحد ہو جانا چاہیے کہ انسانی فلاح اِسی میں مضمر ہے۔ امریکا ہمارا گھر اور پاکستان ہمارا مادرِ وطن ہے۔

امریکا میں پاکستانی کمیونٹی پاکستان میں بہت سرمایہ کاری کررہی ہے۔ یہ اطمینان اور مسرت کی بات ہے ۔ مادرِ وطن پاکستان کے ہم سب پر بے حد احسانات ہیں۔ ہم سب کو پاکستان کی مدد کرنی ہے۔ اُمید کرتا ہُوں کہ المصطفیٰ ریلیف ایڈ بھی امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے مالی تعاون سے Back Homeپاکستان کی مدد گار ثابت ہوگی۔''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔