پرویز خٹک نے نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کردیا محمود خان بھی شامل

تحریک انصاف کو خیبر پختون خوا میں دھچکا، پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے نئی پارٹی کی حمایت کردی


ویب ڈیسک July 17, 2023
پرویز خٹک سے محمود خان کی ملاقات کا منظر (فوٹو : ایکسپریس)

پی ٹی آئی سے منحرف اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کو شدید دھچکا پہنچا ہے، پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا جس میں سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی۔

پرویز خٹک نے آج پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

یہ پڑھیں : پرویزخٹک نے اپنی سیاسی جماعت کے نام اور جھنڈے کا انتخاب کرلیا

سابق وزیر اعلی محمود خان بھی پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے ان کے پاس پہنچ گئے۔ محمود خان پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا حصہ بنیں گے۔

نئی پارٹی کی حمایت کرنے والے تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی میں اشتیاق ارمڑ، ضیا اللہ، غزن جمال، پیر فدا، آغاز گنڈاپور، احتشام جاوید، احمد حسین، فلک ناز، ابراہیم خٹک، وِلسن وزیر، ملک واجد، ارباب وسیم، شوکت علی، محب اللہ، اقبال وزیر، انور زیب، ظہورشاکر، عمران خٹک، مصورخان، شیر اکبر، صالح محمد، ندیم خیال، یعقوب شیخ، وزیر زادہ، عزیز اللہ گران، فضل مولا اور دیگر شامل ہیں۔

دریں اثنا نئی پارٹی کے لیے پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ان سے کہا کہ نئی پارٹی بنارہا ہوں اس میں شمولیت اختیار کریں جس پر ہشام انعام اللہ نے شکوہ کیا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے اور بعد میں میری حمایت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے وقت مانگا اور کہا کہ سیف اللہ برادران سے مشورہ کرکے آپ کو آگاہ کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں