حملوں کی دھمکی کے بعد سندھ میں مندروں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ
آئی جی کے احکامات پر مندروں کی سیکیورٹی کیلیے مختلف رینج،اضلاع کے ڈسپوزل پر 400 پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے
سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے مندروں پر حملوں کی دھمکی اور ضلع کشمور میں مندر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد آئی جی سندھ کے احکامات پر سندھ بھر کے تمام مندروں پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے احکامات پر سندھ میں مندروں کی سیکیورٹی کے لیے مختلف رینج،اضلاع کے ڈسپوزل پر 400 پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔
مذکورہ تمام پولیس اہلکار انتظامی بنیادوں پر سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے، مندروں پر تعینات تمام اہلکار دو ماہ کے لیے سیکیورٹی فرائض پر تعینات کیے جارہے ہیں۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ ہندو برادری مندروں پر سیکیورٹی فرائض پر مامور اہلکاروں سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آباد اقلیتی برادری کا تحفظ بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی خاتون سیما حیدر کے چار بچوں کے ساتھ اپنے محبوب کے پاس بھارت چلے جانے کے بعد کچے کے ڈاکوؤں نے ویڈیو پیغام جاری کیے تھے جس میں سیما کے واپس نہ آنے کی صورت میں مقامی ہندوؤں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔