ملتان سلطانز کے مستقبل پر سوال اُٹھنے لگے

ماضی میں ٹیم سے الگ ہونے والے علی ترین کاغذات پر بدستور اونر، فرنچائز کو دوبارہ سنبھال سکتے ہیں،ذرائع


Saleem Khaliq July 18, 2023
عدم دلچسپی پرری بڈنگ کا آپشن بھی موجود، سلطانز کو کئی برس تک سالانہ ایک ارب روپے سے زائد کا خسارہ (فوٹو انٹرنیٹ)

اونر کی وفات کے بعد ملتان سلطانز کے مستقبل پر سوال اٹھنے لگے۔

پی ایس ایل میں 2017 میں چھٹی ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،شون پروپرٹیز نے 5.21ملین ڈالرسالانہ کے عوض 8 سال کیلیے ملتان سلطانز فرنچائز خریدی مگر ایک سیزن بعد ہی عدم ادائیگی پر معاہدہ منسوخ کر دیا گیا۔

دسمبر 2018 میں عالمگیر ترین اور علی ترین کے کنسورشیم نے 6.35 ملین ڈالر سالانہ کی سب سے بڑی بولی لگا کر7سال کیلیے ملتان سلطانز کو حاصل کرلیا،اکثریتی شیئر عالمگیر ترین کے پاس ہی تھے،2021 میں علی کا فرنچائز کے ساتھ تعلق ختم ہو گیا اور عالمگیر واحد مالک بن گئے، اس حوالے سے میڈیا ریلیز بھی سامنے آئی تھی۔

اس سال ٹیم چیمپئن بنی مگر اس کے بعد اگلے دونوں ایڈیشنز کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،گوکہ فیلڈ میں ملتان سلطانز کی کارکردگی میں بہتری آ گئی مگر انتہائی مہنگی فرنچائز ہونے کے سبب ہر سال اربوں روپے کا نقصان بھی ہوتا رہا،البتہ فنانشل ماڈل میں بہتری کے بعد اب نقصان میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی،عالمگیر ترین کی وفات کے بعد ٹیم کے مستقبل پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کے بھائی اور ملتان سلطانز کے مالک کی تدفین کردی گئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی ترین کی فرنچائز سے علیحدگی کے وقت یہ کہا گیا تھا کہ اونر شپ کی تبدیلی کیلیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، مگر اب بھی کاغذات پر علی ترین ہی شریک مالک ہیں،عالمگیر ترین کی وفات کے سبب پی سی بی ان سے رابطہ کر کے مستقبل کے پلانز معلوم کرے گا،اگر وہ مالکانہ حقوق برقرار رکھنا چاہیں تو انھیں اس کا حق حاصل ہے۔

فرنچائز فیس سمیت ادائیگیاں علی ترین کو ہی کرنا ہوں گی،البتہ اگر انھوں نے فرنچائز کو سنبھالنے میں عدم دلچسپی دکھائی تو پھر بورڈ ری بڈنگ کرائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ملتان سلطانز نے مسلسل مالی خسارے کے سبب کئی برس قبل پی سی بی سے مسئلے کا حل تلاش کرنے کا بھی کہا تھا،اس حوالے سے گورننگ کونسل کی میٹنگ میں ایک فرنچائز اونر نے بھی یہ بات اٹھائی جس پر دیگر نے بھی بظاہر تائید کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہ استحکام پارٹی جہانگیرترین کے گھرآمد

اس وقت کئی مالکان سلطانز کو ریلیف دینے کے حق میں نہیں تھے مگر سامنے آ کر کسی نے کچھ نہ کہا، اس کے بعد کئی بار معاملے پر بات ہوتی رہی، ملتان نے فرنچائز فیس میں کمی اور اقساط میں ادائیگی کا بھی کہا مگر قانونی مسائل کے سبب کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا،بورڈ کو کہا جاتا رہا کہ اگر فیس میں کمی کی تو ماضی کا کوئی بھی بڈر عدالت جا کر کہہ سکتا ہے کہ اتنی رقم تو ہم بھی دے سکتے تھے، ہم سے کیوں معاہدہ نہ کیا گیا۔

تمام ٹیموں سے فیس لیے بغیر لیگ کرانے کی تجویز کم رقم کے عوض فروخت ہونے والی فرنچائز نہیں مانیں کیونکہ اس سے ان کا منافع کم ہو جاتا، بورڈ نے ملتان سلطانز کو ری بڈنگ کی بھی تجویز دی مگر اسے تسلیم نہ کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ یہ مسئلہ کبھی حل ہی نہیں ہو سکا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں