آن لائن لون ایپس کیخلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ایف آئ اے نے پاکستان بھر میں کمپنیوں کے خلاف 74 انکوائریاں شروع کر رکھیں ہیں جبکہ 3 ایف آئی آرز بھی درج ہیں


ویب ڈیسک July 18, 2023
[فائل-فوٹو]

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن لون ایپس کمپنی کے ہاتھوں بلیک ہوکر خودکشی کرنے والے شہری کے واقعہ کے بعد ملک بھر میں چھاپے مار کر 17 ملزمان گرفتار کرکے 30 اکاونٹس بلاک کروا دیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں 42 سالہ مسعود نامی شہری کے آن لائن قرض ایپ کمپنی کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خود کشی کے افسوسناک واقعہ کے بعد ایف آئی اے ایسی کمپنیز کے خلاف حرکت میں آگئی ہے۔

حکام کے مطابق ایف آئ اے نے پاکستان بھر میں کمپنیوں کے خلاف 74 انکوائریاں شروع کر رکھیں ہیں جبکہ 3 ایف آئی آرز بھی درج کی ہیں۔ اسی طرح 17 ملزمان گرفتار اور 30 اکاؤنٹس بلاک کر ادیے گئے ہیں جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے غیر قانونی سرگرمی میں ملوث کمپنیوں کے 5 دفاتر کو بھی سیل کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن بٹ نے سائبر کرائم کے تمام فیلڈ یونٹس کو غیر رجسٹرڈ/غیر قانونی موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے قرض دینے والی کمپنیوں/افراد کے خلاف کریک ڈاون میں تیزی لانے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں جبکہ ایف آئی اے حکام نے شہریوں سے اپیل کی یے کہ وہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ چیک کریں تاکہ تصدیق کی جا سکے کہ آیا کمپنی/اے پی پی لائسنس یافتہ ہے یا نہیں۔

اسی طرح لون ایپس کے متاثرین سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیلپ لائن کے ذریعے پاکستان بھر کے 15 شہروں میں ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں