عمران خان دھاندلی کے ثبوت اسمبلی میں لائیں ورنہ استعفیٰ دیں پرویز رشید

ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ عمران خان مذموم عمل کا حصہ نہ بنیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات


Numainda Express/INP May 04, 2014
ملک میں مضبوط حکومت، موثر ادارے اور فعال جمہوری عمل جاری ہے، پرویز رشید فوٹو: آن لائن/فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا' عمران خان مذموم عمل کا حصہ نہ بنیں۔

اپنے انٹر ویوز میں سینٹر پرویز رشید نے کہا اگر انہیں شکایات ہیں تو وہ ثبوت کے ساتھ اسمبلی کے فلور پر لائیں وگرنہ اسمبلیوں سے فوری استعفے دے دیں' ایک ٹکٹ سے دو دو مزے نہ لیں' عمران خان کو طاہر القادری اور شیخ رشید کا سہارا لے کر احتجاجی سیاست کا شوق مہنگا پڑے گا' اگر عمران خان کے مطابق عام انتخابات کے وقت ملک بھر میں بد ترین دھاندلی ہوئی ہے تو پھر عمران خان کی صوبہ خیبر پختونخوا میں حکومت بھی تو اسی انتخابات کی صورت میں ہی وجود میں آئی ہے کیا ان کی حکومت بھی دھاندلی کی پیدوار ہے؟ اس طرح انہیں کے پی کے کی حکومت اور پارلیمنٹ میں رہنے کا حق حاصل نہیں ہے اور وہ فوری طور پر اسمبلیوں سے استعفے دیں اور باہر آ کر سڑکوں پر احتجاج کرنے کا شوق بھی پورا کر لیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا شروع سے وطیرہ رہا ہے کہ وہ منفی سیاست کرتے ہیں' انہیں عام انتخابات میں عوام نے مسترد کیا (ن)لیگ نے نہیں' انہیں چاہئے کہ وہ وقت کا انتظار کریں' مسلم لیگ کی حکومت عوام کے ووٹ کی مدد سے بنی ہے تحریک انصاف کی مدد سے نہیں' اب تک عمران خان جس دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں اس کا عدالت سے ایک فیصلہ آیا ہے جو تحریک انصاف کے خلاف آیا ہے دھاندلی کی نشاندہی کی زد میں تحریک انصاف کا اپنا امیدوار ہی آیا اور گنتی میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کامیاب قرار پائے' اس طرح دھاندلی تو مسلم لیگ(ن)کیخلاف ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک میں مضبوط حکومت، موثر ادارے اور فعال جمہوری عمل جاری ہے لہذا نہ تو حکومت کو کوئی خطرہ ہے نہ جمہوری عمل کو، سیاسی قوتیں اپنا مقدمہ پارلیمنٹ میں لڑتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں