وزیراعظم کا اماراتی صدرسے ٹیلی فونک رابطہ مالی استحکام کیلیے حمایت پر شکریہ ادا کیا

دونوں رہنماؤں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بھی گفت و شنید ہوئی


ویب ڈیسک July 18, 2023
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہبازشریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں مالی استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور پاکستان میں مالی استحکام کے لیے بھرپور حمایت پر تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ایک ارب امریکی ڈالر کے ذخائررکھنے پر بھی اماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

میاں شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے 6 جولائی کو کوپ28 کے نامزد صدر اور امارات کے سفیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور وزیربرائے صنعت و ٹیکنالوجیز ڈاکٹر سلطان الجابر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفت و شنید ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں