مظفر گڑھ میں تین کمسن بہنیں اغوا کے بعد ذبح کرکے قتل

پولیس نے قتل کے شبے میں دو بھائیوں اور والدہ کو گرفتار کرلیا

فوٹو: فائل

مظفر گڑھ میں تین کمسن بہنوں کو اغوا کے بعد ذبح کر کے قتل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھرمل پاور کالونی میں تین بہنوں کو ذبح کرکے قتل کردیا گیا جن کی لاشیں خالی کوارٹر سے برآمد ہوئیں۔ تینوں بہنیں گزشتہ شام سے لاپتہ تھیں، بچیوں کا والد سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا ہے۔

مقتولین میں 7 سالہ فاطمہ، 8 سالہ زہرہ اور 11 سالہ اریشہ شامل ہیں۔ پولیس نے قتل کے شبے میں دو بھائیوں اور والدہ کو گرفتار کرلیا ہے، واقعہ مبینہ طور پر گھریلو رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔


رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فاطمہ اور زہرہ شام کو کھیلنے کے لیے باہر گئی تھیں لیکن گھر واپس نہیں آئیں۔ کچھ دیر بعد ان کی بہن اریشہ اپنی بہنوں کی تلاش میں نکلی لیکن وہ بھی واپس نہیں آئی۔

پولیس اور اہلخانہ ابتدائی طور پر تینوں بہنوں کا سراغ لگانے میں ناکام رہے بعد ازاں لاشیں ان کے گھر سے ملحقہ خالی کوارٹر سے ملیں جس کے بعد پولیس، فرانزک ٹیمیں اور ریسکیو 1122 کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

دریں اثنا آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ آئی جی نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور شواہد کی مدد سے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
Load Next Story