غلام مصطفیٰ کھر کے بیٹے نے زمین کے تنازعے پر 16 سالہ نوجوان کا قتل کردیا

اگر48 گھنٹوں میں ملزم گرفتار نہ ہوئے تو شہر میں بڑا احتجاج کیا جائے گا، جمشید دستی

اس سے قبل بلال کھر ماڈل فاخرہ کا چہرہ تیزاب سے جھلسانے کے الزام میں 5 ماہ جیل کاٹ چکے ہیں۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

کوٹ ادو میں جائیداد کے تنازعے پر سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کے بیٹے نے 'فائرنگ کرکے 4 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو قتل جب کہ دوسرے نوجوان کو زخمی' کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے موضع بیٹ انگڑا میں زمین کے تنازے پر سابق گورنرغلام مصطفی کھر کے بیٹے اور سابق ایم پی اے بلال کھر نے اپنےساتھیوں کے ساتھ مل کر گندم چھیننے کی کوشش کی تاہم منع کرنے پر بلال کھر اور ساتھیوں کی جانب سے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی اورغریب والدین کا سہارا 16 سالہ امجد جاں بحق اور دوسرا نوجوان زخمی ہوگیا۔


مقتول امجد کے ورثا نے ٹی ایچ کیو اسپتال کوٹ ادو کے سامنے لاش رکھ کرکئی گھنٹے تک احتجاج کیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنےکی یقین دہانی تو کرائی مگرمظاہرین نے ملزم کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا جب کہ اس دوران رکن قومی اسمبلی جمشید دستی بھی مظاہرین کے دھرنے میں شامل ہوگئے، انہوں نے پولیس کوخبردارکیا کہ اگر48 گھنٹوں میں ملزم گرفتارنہ ہوئے تو شہرمیں بڑا احتجاج کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جنوبی پنجاب کے نامور جاگیر دار خاندان کے فرزند بلال کھر کو آج نوجوان کے قتل کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، اس سے قبل بلال کھر نے ماڈل فاخرہ یونس کی محبت میں گرفتار ہوکر اس سے شادی کی اور پھر اس کے چہرے کو تیزاب سے جھلسا دیا جس کے مقدمے میں وہ صرف 5 ماہ کی جیل بھی کاٹ چکے ہیں۔
Load Next Story