چین سیاسی ہم آہنگی پر امریکا کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے کیلئے تیار
جب تک سیاسی مطالبات پورے نہیں ہوتے، چین موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے امریکا کے ساتھ مل کر کام نہیں کرے گا، ہان ژینگ
چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے کہا ہے ان کا ملک گلوبل وارمنگ کو کم کرنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ سیاسی ہم آہنگی کی شرط پر مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
چین کی سرکاری شنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے نائب صدر نے 3 روزہ دورے پر آئے امریکی موسمیاتی ایلچی جان کیری سے گفتگو میں کہا کہ جب تک کہ سیاسی مطالبات پورے نہیں ہوتے، چین موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے امریکا کے ساتھ مل کر کام نہیں کرے گا۔
ہان ژینگ نے کیری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا چین-امریکہ تعاون کا ایک اہم پہلو تھا لیکن یہ باہمی احترام پر مبنی ہونا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی ایلچی کیری کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی تین روزہ بات چیت کے دوران چینی حکام سے بہت تفصیلی ملاقاتیں کیں جن پر غور کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ اگست سے چین اور صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے درمیان رابطے معطلی کا شکار ہیں جبکہ ٹیرف، ٹیکنالوجی ، انسانی حقوق، بحیرہ جنوبی چین میں چین کے علاقائی دعووں اور خود مختار تائیوان کے مسئلے پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔