پاک بحریہ کے فلیٹ میں دو جدید جنگی جہازوں کی شمولیت کی تقریب

بحری جہازوں میں جدید ترین ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں جو کثیر خطرات کے ماحول میں آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

فوٹو: ایکسپریس

پاک بحریہ کے فلیٹ میں جدید جنگی بحری جہاز پی این ایس شاہجہاں اور ٹیپو سلطان شامل کردیے گئے۔

پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹس پی این ایس شاہجہاں اور ٹیپو سلطان کی شمولیت کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تھے۔ کراچی ڈاکیارڈ آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وفاقی وزیر دفاع کا استقبال کیا۔

جنگی بحری جہازوں میں جدید ترین ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں جو کثیر خطرات کے ماحول میں آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان جہازوں کی بحری بیڑے میں شمولیت سے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

وفاقی وزیر برائے دفاع نےخطے کی جیو اسٹریٹجک اور جیو اکنامک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے ایک طاقتور نیول فورس کی ضرورت ہے اور ان جدید بحری جہازوں کی شمولیت سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان کے لیے بحری جہازوں کی بروقت تعمیر اور ترسیل پر ہوڈونگ ژونگھوا شپ یارڈ چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں امیر البحر نے استقبالیہ خطاب کے دوران جدید بحری جہازوں کی پی این فلیٹ میں شمولیت کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاک بحریہ کو جدید بحری فوج بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

بحریہ کے فلیٹ میں جنگی جہازوں کی شمولیت کی تقریب میں پاکستان کے سول، عسکری اور حکومتی نمائندوں سمیت چین کے ہوڈونگ ژونگھوا شپ یارڈ کے حکام نے شرکت کی۔
Load Next Story