کراچی مون سون سسٹم اثرانداز ہونے لگا شہرمیں ہلکی بارش

اگلے 2روز کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter July 20, 2023
فوٹو: فائل

خلیج بنگال سے آنے والے مون سون سسٹم نے شہر پراثراندازہونا شروع کردیا، جمعرات کو شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش،پھواراوربونداباندی ہوئی۔

جمعرات کی سہ پہرشہرکے مضافاتی علاقوں موٹروے ایم نائن،سپرہائی وے سے ہلکی ودرمیانی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو دیگر علاقوں تک پھیل گیا،اس دورن گڈاپ ٹاؤن اورگلشن حدید میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں۔

بارش کے سسٹم کے تحت بعدازاں شہر کے مختلف علاقوں ایم جناح روڈ،کلفٹن،ڈی ایچ اے،صدر میں کہیں ہلکی بارش اورکہیں پھوارہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن حدید میں 1ملی میٹربارش ہوئی جبکہ جناح ٹرمینل پر0.2ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ آؤٹ لک کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ کو متاثرکررہا ہے، اگلے 2روز کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور اس دوران آندھی بھی چل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 23تا 24جولائی دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کاسلسلہ برقراررہ سکتا ہے اور اس دوران آندھی اورتیزہواؤں کے سبب کمزوراملاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا عوام کو محتاط رہنے اوراحتتاطی تدابیراختیارکرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

قبل ازیں دن بھرشہر کا موسم گرم ومرطوب رہا،نمی کاتناسب 70فیصد تک تجاوز کرنے کے سبب دوپہر کے وقت شدید حبس رہا اور اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں