محرم الحرام کے حوالے سے کوئی مخصوص تھریٹ نہیں ہے کراچی چیف پولیس
تمام مجالس اور جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائیگی، جاوید عالم اوڈھو
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے کوئی مخصوص دھمکی (تھریٹ) نہیں ہے ، تمام مجالس اور جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔
اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا پہلا عشرہ اہم ہے اس ان 10 روز میں ایک ہزار 49 جلوس نکالے جائینگے جس میں 87 جلوس انتہائی حساس ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پہلے 10 روز میں 50 ہزار سے زائد مجالس برپا ہونگی جس میں 665 مجالس انتہائی حساس ہیں، پولیس تمام مجالس اور جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کریگی جس کے لیے سیکیورٹی پلان ، مانیٹرنگ اور کنٹرول روم تیار کرلیا گیا ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ 7 سے 10 محرم تک بڑے جلوس نکالے جائیںگے، عاشورہ کی سیکیورٹی پر 6 ہزار 392 پولیس افسران و اہلکار ہونگے جبکہ اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اضافی ڈیوٹیاں سرانجام دیںگے۔