الیکشن میں دھاندلی کیخلاف 11 مئی کو احتجاج ہی نہیں تحریک کا آغاز ہوگا عمران خان

تمام قانونی طریقے آزمانے کے بعد احتجاج کا راستہ اپنا رہے ہیں، کہیں سے انصاف نہیں ملا، چیرمین تحریک اںصاف


ویب ڈیسک May 04, 2014
ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں جس کے لئے ہر حال میں کوششیں جاری رہیں گی، عمران خان فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے الیکنش کو تسلیم کیا تھا دھاندلی کو نہیں، 11 مئی کو صرف احتجاج ہی نہیں بلکہ دھاندلی کے خلاف ایک تحریک کا آغاز ہوگا۔


اسلام آباد میں ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ہم نے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف عدالتوں سے رجوع نہیں کیا بلکہ اس حوالے سے پارلیمنٹ میں بھی آواز بلند کی لیکن کہیں سے انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانونی طریقے آزمانے کے بعد احتجاج کا راستہ اپنا رہے ہیں، حکمراں جماعت پہلے ہی خوفزدہ ہے اس لئے ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف عدالت سے حکم امتناع لے رہی ہے۔


چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں شفاف اور آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں جس کے لئے ہرحال میں کوششیں جاری رہیں گی اور احتجاجی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دھاندلی کے بارے میں مطالبات تسلیم نہیں کر لئے جاتے، پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے باعث جمہوری حکومت کو لاحق خطرات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت پہلے کونسی سیدھی پٹڑی پر تھی جو اس کو ڈی ٹریک کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں