نیلم پوائنٹ پر سمندر میں نہاتے ہوئے 2 افراد ڈوب گئے ٹریفک حادثات میں 3 افراد ہلاک

غوطہ خوروں نے دونوں افراد کی لاشیں نکال کر قریبی اسپتال پہنچائی ،لاشیں ورثا پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے


موٹرسائیکل سلپ ہونے سے 17سالہ عادل ہلاک ہوگیا،گلشن معمار میں گاڑی کی ٹکر سے50 سالہ ابراہیم جاں بحق۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں نوجوان سمیت3 افراد ہلاک اور2 زخمی ہوگئے، نیلم پوائنٹ پر سمند میں نہاتے ہوئے2 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اقبال پلازہ ناگن چورنگی کے قریب ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے سے گر کر17سالہ عادل ولد حاجی اعظم ہلاک جبکہ اس کے2کزن 13سالہ شکیل اور17سالہ جمیل زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے اپنے رشتے داروں کی شادی کی تقریب سے شرکت کر کے واپس اپنے گھر جا رہے تھے،ہلاک و زخمی ہونے والے گلبہار کے علاقے حاجی مرید گوٹھ کے رہائشی ہیں۔

مائی کلاچی روڈ پر ایک شخص کی لاش کی اطلاع پر چھیپا ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی،ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو پولیس کی نگرانی میں سول اسپتال پہنچایا، پولیس کے مطابق متوفی کوہفتے کی شب تقریباً ساڑھے12بجے نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار کر ہلاک کیا تھا جس کی اطلاع عینی شاہد نے چھیپا ویلفیئر کو فون کر کے دی تھی،متوفی کے پاس سے ملنے والے موبائل فون کے ذریعے اس کے بھانجے سے رابطہ کیا گیا جس پر لواحقین نے سول اسپتال پہنچ کر اس کی شناخت52 سالہ اکرم ولد عبد العزیز کے نام سے کر لی ، متوفی محمود آباد منظور کالونی گلی نمبر22 کا رہائشی اور4 بچوں کا باپ تھا جبکہ وہ فرنیچر پر پالش کا کام کرتا تھا۔

متوفی کے بھائی حافظ جی نے ایکسپریس بتایا ان کا بڑا بھائی عمرے کی سعادت حاصل کر واپس آیا تھا ،ہفتے کی شب اکرم اپنے بھائی سے ملنے سلطان آباد انٹیلی جینئس کالونی گیا تھا وہاں سے دیر رات کو واپسی پر پر اسرار ٹریفک حادثہ پیش آگیا ، متوفی کی نماز جنازہ بعد نماز عصر گھر کے قریب جامعہ مسجد مدینہ میں ادا کی گئی،قیوم آباد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ،گلشن معمار کے علاقے عبداﷲ گبول گوٹھ گرڈ اسٹیشن کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے50 سالہ محمد ابراہیم ولد پیارو خان ہلاک ہوگیا ، گلشن معمار تھانے کی ڈیوٹی افسر اے ایس آئی علی اکبر نے بتایا کہ متوفی کی جیب سے ملنے والے نادرا کے قومی شناختی کارڈ سے اس کی شناخت کی گئی، ماڑی پور کے علاقے نیلم پوائنٹ پکنک کے لیے جانے والے2 افراد سمندر میں نہاتے ہوئے تیز لہروں میں پھنس کر ڈوب گئے ، غوطہ خوروں نے دونوں افراد کی لاشیں نکال کر قریبی اسپتال پہنچائی جہاں ڈاکٹروں نے دونوں افراد کی موت کی تصدیق کردی ، ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ورثا پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں