کراچی مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک زخمی سمیت 3گرفتار

ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا

فوٹو فائل

کورنگی صنعتی ایریا پولیس اور خواجہ اجمیر نگری پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد ایک ڈاکو کو ہلاک اور ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، زخمی ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے دفتر سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا مہران ٹاؤن سیکٹر 15 کے قریب ڈاکو شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے پولیس پر فاٸرنگ شروع کر دی، گرفتار ڈاکوؤں سے اسلحہ تین پستول اور چھیننے ہوٸے موباٸل فون موٹرسائیکل اور ایک بیگ برآمد کیا گیا ہے۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت جاوید علی جبکہ دیگر گرفتار دو ملزمان میں اسد اللہ اور ممتاز شامل ہیں۔


خواجہ اجمیر نگری پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نارتھ کراچی سیکٹر 2 بابا موڑ رحمانیہ مسجد نور بابا بیکری کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار 3 مشتبہ افراد کو پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو موٹرسائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کر دی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مارے جانے والے ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو کے پاس سے ایک تیس بور پستول بمعہ تین راؤنڈ اور موبائل فون برآمد کیا گیا جبکہ اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مارے جانے والے ڈاکو کی لاش شناخت ورثا کے لیے ایدھی سردخانے منتقل کر دی۔
Load Next Story