پاکستان میں انتخابات کا اعلان خوش آئند ہے امریکا

امریکی وزیر خارجہ کی نائب معاون نے پُرامن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کی امید ظاہر کی ہے


ویب ڈیسک July 23, 2023
امریکا اور پاکستان متعدد معاملات میں مشترکہ مفادات ہیں، امریکا وزیر خارجہ کی نائب معاون

امریکا نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد انتخابات کے اعلان کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کی امید کرتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ الزبتھ ہرسٹ نے کیا اور پاکستان کے ساتھ پائیدار شراکت داری کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں معیشت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر متوقع بارشوں اور سیلاب کو پاکستان کے لیے بڑے چیلنجیز قرار دیدیا۔ امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین 215 ملین ڈالر امداد بھی دی۔

الزبتھ ہرسٹ نے مزید کہا کہ پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار امریکا ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ گزشتہ برس 9 بلین ڈالر کی تجارت ہوئی جب کہ امریکا کی طرف سے براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 250 ملین ڈالر رہی۔

نائب معاون وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور پاکستان متعدد معاملات میں مشترکہ مفادات ہیں۔ پاکستان کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حکومت کی مدت پوری ہونے پر انتخابات کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے الزبتھ ہرسٹ نے کہا کہ امریکا دنیا میں جمہوریت کا سب سے بڑا حامی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کی نائب معاون الزبتھ ہرسٹ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان میں الیکشن آزادانہ، منصفانہ اور پُر امن ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں