سوئیڈن سے سفیرکو واپس نہ بلایا تو ہر جمعہ کو احتجاج ہوگا مولانا فضل الرحمان
قرآن، ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت ہماری ریڈ لائن ہے، سربراہ جے یو آئی
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قرآن، ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان سمیت اسلامی دنیا سوئیڈن سے سفیر واپس بلوائے، سفیروں کو واپس نہ بلایا گیا تو ہر جمعہ کو احتجاج ہوگا۔
کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں انہوں نے کہا کہ مسلمان قرآن کی حفاظت کرنا جانتے ہیں خون کا نذرانہ دے کر قرآن کی حفاظت کریں گے، اسرائیل کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کے ایجنٹس کی کوئی جگہ نہیں ہے، آج کا مظاہرہ پاکستان کی سرزمین سے بارش کا پہلا قطرہ ہے، آج کا اجتماع سوئیڈن میں قرآن کریم کی توہین پر دکھ اور غصہ کا اظہار ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ مسلمان بپھر گئے تو زمین تنگ کردیں گے اور تمہیں کہیں جینے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان وسیع النظر ہیں حضرت محمد ﷺ کی طرح عیسی علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام کو بھی سچا پیغبر انجیل اور تورات کو بھی الہامی کتاب سمجھتے ہیں تمام آسمانی کتابوں کی عزت کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مغرب کو مخاطب کرکے کہا کہ یہ تم ہو جس نے انجیل تورات کا حلیہ بگاڑ دیا تم اپنی کتابوں کی حفاظت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں اسرائیلی قیادت کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل پاکستان کے معاملات میں مداخلت کررہا ہے اپنے ایجنٹوں سے اقوام متحدہ میں آواز اٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ایجنٹس کو پاکستان میں ہمارے ابابیلوں نے شکست دی اسرائیل اور اس کے ایجنٹس کے خلاف مہم جاری رہیگی۔