ہالی وڈ فلم ’باربی‘ کو پنجاب بھر میں نمائش سے دوبارہ روک دیا گیا
دوسرے ریویو کے بعد ہی فلم کی نمائش کا فیصلہ کیا جائے گا، پنجاب سینسر بورڈ ذرائع
امریکی فلم 'باربی' کیلئے صوبہ پنجاب میں مسائل ختم نہیں ہے، سینسر بورڈ کی طرف سے مشروط اجازت کے ایک دن بعد فلم کی نمائش دوبارہ روک دی گئی۔
پنجاب سینسر بورڈ نے فلم کو این او سی جاری کیا تھا لیکن ہم جنس پرستی پر مبنی مواد کی وجہ سے ڈسٹری بیوٹرز کو پابند کیا تھا کہ وہ چار ڈائیلاگ کو سینسر کردے۔
ایکسپریس ٹریبیون نے اپنے ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ 'باربی' کو اب حکومت کی مداخلت کی وجہ سے روکا گیا ہے اور اس میں سینسر بورڈ کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔
پنجاب سینسر بورڈ ذرائع کے مطابق فلم کو دوبارہ ریویو کیلئے نمائش سے روکا گیا ہے اور یہ فیصلہ پنجاب حکومت نے کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے ریویو کے بعد ہی فلم کی نمائش کا فیصلہ کیا جائے گا اور اس کیلئے ابھی کوئی تاریخ متعین نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ اور اسلام آباد میں 'باربی' کی نمائش جاری ہے اور وہاں فلم کے ڈائیلاگ سینسر بھی نہیں کیے گئے۔