دیگر ٹیموں کے بھارتی آفیشلز نخرے دکھانے لگے

ایشیا کپ کے دوران پاکستان جانے سے انکار کا ذہن بنانا شروع کردیا


Sports Desk July 25, 2023
ایشیا کپ کے دوران پاکستان جانے سے انکار کا ذہن بنانا شروع کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

دیگر ٹیموں کے بھارتی آفیشلز بھی نخرے دکھانے لگے جب کہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کا ذہن بنانا شروع کردیا۔

ایشیا کپ کا مکمل انعقاد پاکستان میں ہونا تھا تاہم بھارتی ٹیم کی جانب سے یہاں آنے سے انکار کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے زیادہ تر مقابلے سری لنکا منتقل کردیے گئے، بہرحال چار میچز پاکستانی گرائونڈز پر بھی کھیلے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیگر ایشیائی ٹیموں سے منسلک بھارت سے تعلق رکھنے والے سپورٹ اسٹاف نے بھی پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے نخرے دکھانا شروع کردیے ہیں، ان کی جانب سے تحفظات ظاہر کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ وہ پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کرسکتے ہیں، ان میں بھارت سے تعلق رکھنے والے فزیو پراسانتھ پانچڈا بھی شامل ہیں، وہ فی الحال افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک ہیں۔ حال ہی میں ایشیا کپ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے،اس کے تحت افغانستان کی ٹیم کو لاہور میں میچز کھیلنے ہیں۔

یاد رہے کہ ماضی میں زمبابوے کے کوچ لال چند راجپوت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آنے سے انکار کردیاتھا۔ اسی طرح بنگلہ دیش کے سپورٹ اسٹاف میں بھی بھارت سے تعلق رکھنے والی سری نواس چندرا سیکھرن موجود ہیں، وہ آئی پی ایل ٹیم لکھنئو سپر جائنٹس کے ٹیم اینالسٹ ہیں،سری نواس بنگلہ دیش کی ٹیم کے ساتھ بھی اسی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔

بنگال ٹائیگرز کے پاکستان میں کھیلنے کا امکان ہے، اس صورت میں سیکھرن بھی آنے سے انکار کرسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں