ایشین گیمز کرکٹ کیلئے پاکستانی ویمنز ٹیم کا اعلان بسمہ معروف باہر

انڈر 19 اور ٹی20 ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس پر انوشے ناصر اور شوال ذوالفقار کی شمولیت


ویب ڈیسک July 25, 2023
انوشے ناصر اور شوال ذوالفقار کی شمولیت، بسمہ معروف ٹیم میں شامل نہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ایشین گیمز کرکٹ کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا، سابق کپتان بسمہ معروف اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گی۔

ایکسپرس نیوز کے مطابق ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے رواں سال 19 سے 26 ستمبر تک چین کے شہر ہینگ زو میں منعقد ہونگے، قومی ٹیم میں ڈیانا بیگ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ انڈر19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ اور ایمرجنگ ویمنز ایشیاکپ میں شاندار پرفارمنس پر انوشے ناصر اور شوال ذالفقار کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کی ویمنز ٹیم 2010 ء میں چین میں ہونے والے ایشین گیمز اور پھر2014ء میں جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے اور اس کی نظریں اب ہیٹ ٹرک مکمل کرنے پر مرکوز ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتان آگ بگولہ، وکٹ پر بیٹ دے مارا

ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے ٹی20 فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے، پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی عالمی رینکنگ اور ٹورنامنٹ کے قواعدوضوابط کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز کوارٹر فائنل سے کرے گی جو 22 سے 24ستمبر تک ہونگے، سیمی فائنلز 25 ستمبر کو جبکہ فائنل 26 ستمبر کو ہوگا۔

ایونٹ میں کانسی کے تمغے کے لیے میچ بھی 26 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب ویمنز سلیکشن کمیٹی کے چیرمین سلیم جعفر، ہیڈ کوچ مارک کولز اور کپتان ندا ڈار کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

پاکستانی اسکواڈ:

کپتان ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں۔

ایشین گیمز سے قبل پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم یکم سے 14 ستمبر تک جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں تین ٹی20 انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل (آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ) کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں