کراچی بارش کے پانی سے بھرے گڑھے اور نالے میں گرکر 2 بچے جاں بحق

والدین نے مقدمے کیلئے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے ۔


Staff Reporter July 25, 2023
والدین نے مقدمے کیلئے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے ۔

شہر میں بارش کے پانی سے بھرے گڑھے اور کھلے نالے میں گرکر 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

پہلا واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں پیش آیا جہاں کوثر نیازی کالونی میں گجر نالے کے ساتھ سیوریج کیلئے بنائے گئے زیر تعمیر نالے میں گیس کے بلاسٹ سے تین سالہ اجمل گر کر جاں بحق ہوگیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بچے بارش میں کھیلنے میں مصروف تھے۔ کچھ بچے زیر تعمیر نالے کے قریب کھیل رہے تھے کہ اچانک نالے کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں تین سالہ بچہ اجمل نالے میں گر گیا ، بچے کو علاقہ مکینوں نے ریسکیو کیا لیکن وہ جان کی بازی ہار چکا تھا

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نالہ کافی عرصے سے زیر تعمیر ہے ، کبھی اس نالے میں مرمتی کام شروع ہوتا ہے تو کبھی یہ کھلا رہتا ہے ، انتظامیہ تعمیر میں نااہلی کا مظاہرہ کرتی ہے اور اسی کے نتیجے میں تین سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

غم سے نڈھال مرحوم کے والد نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوکری پر تھے فون پر بچے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچے تو بچہ دم توڑ چکا تھا ، چھ بچوں کے والد نے بتایا کہ وہ مزدور ہیں بچے کی موت کو اللّٰہ کی رضا کہہ کر معاف کردیا۔

گجرنالے کے مکینوں نے وفاقی اداروں کو موت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا اس نالے کا پروجیکٹ کچھ وقت سے التوا کا شکار تھا اس پر انتظامیہ کی جانب سے فی الحال مٹی ڈال دی گئی تھی بارش کی وجہ سے مٹی بیٹھ گئی بچہ ملبے میں گر گیا۔

مکینوں نے حکومت سے تحقیقات کی اپیل کی جبکہ سوشل ورکرز نے کہا کوئی سیاسی شخصیات پوچھنے نہیں آئیں۔

علاقے کے یو سی لیبر کونسلر نے کہا کہ پچھلے دو سال سے یہ پروجیکٹ چل رہا ہے کوئی نگرانی نہیں ، ناقص کام ہے، انتظامیہ کا رویہ بھی نامناسب ہے ،جب سے نالے کا کام شروع ہوا تب سے حادثات ہو رہے ہیں آج سے تین دن پہلے بھی ہم نے باؤنڈری لگانے کا مشورہ دیا تھا مگر کچھ نہ ہوا۔

سوشل ورکرز کا کہنا تھا کہ سیوریج کے لیے بنائے گئے نالے میں بھرائی نہیں کی گئی تھی اوپر سے مٹی ڈال کر چھوڑ دیا گیا تھا۔ گیس جمع ہونے کی وجہ سے بلاسٹ ہوا اور بچہ گر گیا۔ اسی غیر سنجیدگی کی وجہ سے کوثر نیازی سے واحد کالونی تک دو سال میں آٹھ اموات ہو چکی ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقہ مکینوں کا بیان قلم بند کیا ہے مگر بچے کے والدین نے مقدمے کیلئے تاحال پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے ۔

کراچی میں بارش کے پانی سے بھرے گڑھے میں گر کر بچہ جاں بحق


دوسری جانب اتحاد ٹاؤن میں بارش کے پانی سے بھرے گڑھے میں گر کر 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ۔

محمد خان کالونی بلدیہ پاکستان ہوٹل کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک بچہ بارش کے پانی سے بھرے گڑھے میں گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔

لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، ایدھی حکام کے مطابق متوفی بچے کی شناخت 10 سالہ شہاد اللہ ولد کلیم اللہ کے نام سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق متوفی بچے کے ورثا نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کر دیا اور لاش اپنے ہمراہ لے گئے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں