پرویز الہٰی کی سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست ضمانت پر اعتراض عائد

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اپیل لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے


ویب ڈیسک July 25, 2023
(فوٹو : فائل)

چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور ہائی کورٹ کے فیـصلے کے خلاف ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی تاہم اس پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دائر اپیل میں نیب ،اینٹی کرپشن ،آئی جی پنجاب اور حکومت پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی مقدمات میں بار بار گرفتار کیا گیا، درخواست گزار کو یکم جون کو اینٹی کرپشن کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

دائر اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزار کو ایک مقدمے میں رہائی کے احکامات کے ملتے ہی فوراً ہی دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جاتا رہا ہے۔

ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کے خلاف مجموعی طور پر 9 مقدمات رجسٹرڈ ہیں، ان تمام مقدمات میں ضمانتوں کے بعد درخواست گزار کو حراست میں رکھا گیا۔

اپیل میں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے فیصلے کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

دریں اثنا پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر رجسٹرار سپریم کورٹ آفس کی جانب سے اعتراضات عائد کردیے گئے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ آفس نے درخواست اعتراضات کے ساتھ واپس کردی۔

درخواست کے ساتھ منسلک دستاویزات کے واضح نہ ہونے پر اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں