پرویز خٹک چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام لگاکر اپنی عزت گنوائیں گے ترجمان پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف پرویز خٹک کے الزامات پر پی ٹی آئی کا ردعمل


ویب ڈیسک July 26, 2023
پرویز خٹک جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے فیصلہ کریں کہ انہوں نے پارٹی میں رہنا ہے کہ نہیں، ترجمان پی ٹی آئی

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کا چیئرمین پی ٹی آئی اور پارٹی کے خلاف بیان سراسر لغو، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے، پرویز خٹک چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جو سراسر جھوٹ ،بے ہودہ اور بے بنیاد ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پرویز خٹک پارٹی کے عہدوں سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ان الزامات سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ وہ بطور صوبائی صدر پارٹی کے تمام فیصلوں میں مکمل طور پر شریک ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی رابطے میں تھے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کو پریس کانفرنس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے فیصلے غلط نظر آنے لگے، اگر انہیں پارٹی کے کئے ہوئے فیصلوں سے اختلاف تھا تو اسی وقت عہدے اور پارٹی رکنیت سے مستعفی کیوں نہ ہوئے؟ ، کیا وجہ ہے کہ اپنے خیالات کا اظہار کرنے کیلئے انہوں نے 9 مئی کا انتظار کیا۔

ترجمان نے بیان میں کہا کہ نو مئی کے ہنگاموں کے وقت چیئرمین پی ٹی آئی ریاست کی قید میں تھے اور ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں تھا، پرویز خٹک کو پارٹی رہنماؤں کو پارٹی چھوڑنے پر اکسانے کیلئے شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے فیصلہ کریں کہ انہوں نے پارٹی میں رہنا ہے کہ نہیں، شاید پرویز خٹک اس قسم کے الزامات کے ذریعے نئی کنگز پارٹی میں اپنے لیے کسی مرکزی عہدے کی راہ ہموار کر رہے ہیں، پرویز خٹک اچھی طرح جانتے ہیں کہ تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عمران خان یا پی ٹی آئی پر بے بنیاد الزمات لگا کر یہ اپنی کھوئی ہوئی عزت بحال نہیں کر سکتے ، پاکستانی قوم تمام 'لوٹوں' کو پہلے ہی یکسر مسترد کر چکی ہے، ان جھوٹ پر مبنی بے ہودہ ہتھکنڈوں سے پرویز خٹک سمیت تمام منحرف اراکین قوم میں اپنی رہی سہی عزت بھی گنوا دیں گے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں