ایم کیو ایم کا کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

مشرقی پاکستان میں احساس محرومی احساس بے گانگی میں بدل گیا یہ احساس اہل کراچی کے دلوں میں بھی پیدا ہوسکتا ہے،رشید گوڈیل


ویب ڈیسک May 05, 2014
کراچی کا ہر شہری آج عدم تحفظ کا شکار ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے یہ شہر پاکستان کا حصہ نہیں ہے، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی فوٹو: ایکسپریس نیوز

متحدہ قومی موومنٹ نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ شدید احتجاج کے باوجود جاری ہے اور ہمارے پاس اس کے کئی ثبوت ہیں کہ کارکنوں کو اغوا اور پھر تشدد کے بعد قتل کرنے میں سادہ کپڑوں والے اہلکار کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان میں احساس محرومی بعد میں احساس بے گانگی میں بدل گیا اور اگر کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند نہ ہوا تو نہ چاہتے ہوئے بھی یہ احساس اہل کراچی کے دلوں میں بھی پیدا ہوسکتا ہے، اس موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج بانیان پاکستان کی اولادوں کو عدم تحفظ کا احساس ہورہا ہے، کراچی کا ہر شہری آج عدم تحفظ کا شکار ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے یہ شہر پاکستان کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کا حصہ ہونے کے باوجود آج ہم خود کو ملک میں اجنبی تصور کرتے ہیں اور اگر ہمیں تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا تو ہمارا ایوان کا حصہ ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں